اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — آج کاروباری ہفتہ کے دوسرے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان، ہنڈرڈ انڈیکس میں دوسری بار 80 ہزار کی نفسیاتی حد عبور ہو گئی۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ہے، گزشتہ روز کاروبار کے اختتام تک 79 ہزار 552 پوائنٹس پر بند ہونے والی سٹاک مارکیٹ میں آج ہنڈرڈ انڈیکس 80 ہزار 400 پوائنٹس عبور کرچکا ہے، مجموعی طور پر ہنڈرڈ انڈیکس میں اب تک 760 سے زائد پوائنٹس (تقریباً 0 اعشاریہ 95 فیصد) کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
تجارتی حجم کو دیکھا جائے تو 29 کروڑ 82 لاکھ 4 ہزار 745 سے زائد حصص کا تبادلہ ہوا ہے جبکہ تجارتی مالیت 13 ارب 16 کروڑ 85 لاکھ 3 ہزار 610 روپے سے زائد رہی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کی سٹاک مارکیٹ میں اس سے قبل 21 جون کو ہنڈرڈ انڈیکس 80 ہزار سَنگِ مِیل عبور کیا تھا تاہم اس کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس میں تنزلی دیکھی گئی اور 79 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی برقرار نہ رہ سکی تھی۔