اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک منصف نے سازش کر کے پی کے ایل آئی کو تباہ کرنے کی کوشش کی، عام آدمی کی ترقی و خوشحالی اور صحت و تعلیم پر کبھی سیاست نہیں کرنی چاہیے، جناح میڈیکل کمپلیکس پورے ملک کیلئے نواز شریف کی مخلوط حکومت کا تحفہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہم سب کو اللّٰه تعالٰی کے حضور سجدہِ شکر بجا لانا چاہیے کہ آج ہم نے اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس کا سنگِ بنیاد رکھا ہے، جناح میڈیکل کمپلیکس خطہ میں شاندار سینٹر ہو گا، یہ پورے ملک کیلئے نواز شریف کی مخلوط حکومت کا تحفہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جناح میڈیکل سینٹر کی سہولیات سے دیگر علاقوں کے لوگ بھی مستفید ہوں گے، یہ منصوبہ صرف اسلام آباد اور راولپنڈی کیلئے نہیں بلکہ پورے ملک کیلئے ہے، جناح میڈیکل سینٹر میں نرسنگ سکول اور لیبارٹریز بنیں گی، جناح میڈیکل سینٹر میں غریب کا علاج بالکل مفت کیا جائے گا اور 100 فیصد ہو گا، غریب عوام کا حق ہے کہ صحت اور تعلیم کی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچائی جائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کیلئے 600 کنال زمین مختص کی گئی ہے، یہ وہی ماڈل ہے جس کا پورے پاکستان میں میرے قائد نواز شریف نے اجراء کیا، میں نے منصوبے کی تعمیر کے ذمہ داروں کو کہا ہے کہ مجھے یہ جناح میڈیکل کمپلیکس ایم سال میں مکمل چاہیے، ایک سال بڑا چیلنجنگ ٹائم ہے، یہاں پر 24 گھنٹے کام ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اقتدار میں آتے ہی فلاحی کاموں پر توجہ دی، ہم نے پنجاب کے تمام ہاسپٹلز میں علاج مفت کیا تھا، ہم نے سرکاری ہاسپٹلز میں مفت سٹی سکین مشینیں لگائیں، لیبارٹریز کی فیس بھی کم کر کے 10 روپے کر دی تھی، عام آدمی کی ترقی اور خوشحالی میں سیاست نہیں کرنی چاہیے، تعلیم اور علاج غریب عوام کا بنیادی حق ہے، جناح میڈیکل کمپلیکس میں دنیا کی جدید ترین سہولیات ہوں گی۔
پرائم منسٹر شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر (پی کے ایل آئی) کے بورڈ کو تباہ کر دیا گیا، ایک منصف نے سازش کر کے پی کے ایل آئی کو مکمل طور پر تباہ کرنے کی کوشش کی، پی کے ایل آئی میں ہزاروں مفت آپریشنز ہو چکے ہیں، صاحبِ حیثیت افراد کو علاج کا خرچ برداشت کرنا ہو گا، کرونا کے دوران پی کے ایل آئی علاج کا مرکز تھا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا پی کے ایل آئی بننے سے پہلے مریض جگر کے علاج کیلئے ہندوستان جاتے تھے جبکہ گردے کی پیوند کاری کیلئے لاکھوں روپے خرچ ہوتے تھے، آج پی کے ایل آئی میں گردے کے امراض میں مبتلا مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے، اب یہاں جناح میڈیکل کمپلیکس میں بھی مفت علاج ہو گا، اس ہسپتال کی زمین کے انتقال کیلئے جنہوں نے جدوجہد کی وہ شکریہ کے مستحق ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے الیکشن 2013 کی مہم کے دوران لوڈشیڈنگ سے متعلق اپنے ایک بیان کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بجلی کا بحران تھا تو میں جذبات میں کہہ گیا کہ 6 ماہ میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو گا، میرا بہت مذاق اڑایا گیا، میں نے اللّٰه تعالٰی سے دعا مانگی کہ تو ہی عزت رکھنے والا ہے تو پھر آپ نے دیکھا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان بھر میں جاری بیس بیس گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو گیا۔