لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ تمام پوزیشن ہولڈر طلباء کو سراہتی ہوں، پوزیشن ہولڈرز ہمارے سروں کا تاج ہیں جنہوں نے والدین اور اساتذہ کا نام روشن کیا، بہترین پوزیشن ہولڈرز جہاں پڑھنا چاہیں ان کی فیس میری ذمہ داری ہو گی، میرے لیے تعلیم اور صحت کے شعبے بہت اہم ہیں، ہم 25 ارب روپے سے سکالرشپس سکیم شروع کر رہے ہیں، ہم نے بچوں کے ہاتھ میں پیٹرول بم اور کیلوں والے ڈنڈے نہیں دینے۔
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام پوزیشن ہولڈر طلباء کو سراہتی ہوں، آپ تمام بچوں اور والدین سے ملنے کا انتظار کر رہی تھی، آج ہم سب کیلئے بڑا دن ہے، پوزیشن ہولڈرز نے والدین اور اساتذہ کا نام روشن کیا، تمام پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، آپ ہمارے سر کا تاج ہیں، ایک ماں کی طرح بچوں کی کامیابی پر خوش ہوں اور سیلوٹ پیش کرتی ہوں، شہباز شریف کی وزارتِ اعلٰی میں پوزیشن ہولڈرز کو گارڈ آف آنر دیا جاتا تھا، میں نے وزیرِ تعلیم سے کہا ہے کہ پوزیشن ہولڈرز کو گارڈ آف آنر دیا جائے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں جیل گئی اور کئی جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا مگر میری آنکھوں میں آنسو نہیں آئے، آج بچوں کو گارڈ آف آنر ملتے دیکھا تو آنکھیں نم ہو گئیں، بہترین پوزیشن ہولڈرز جہاں پڑھنا چاہیں ان کی فیس میری ذمہ داری ہو گی، لڑکیوں کی کامیابی پر بھی بہت خوشی ہو رہی ہے، میرے لیے تعلیم اور صحت کے شعبے بہت اہم ہیں، ہم تعلیم کے شعبہ میں بڑی ریفارمز کر رہےہیں اور لیپ ٹاپ سکیم بھی دوبارہ شروع کر رہے ہیں، پنجاب میں تعلیم کی صورتحال بہت جلدی بہتر ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کا سوچ کر مجھے اپنی ذمہ داریوں کا بہت احساس ہوتا ہے، پاکستان کی پہلی اے آئی یونیورسٹی بنا رہے ہیں، ہم نے بچوں کے ہاتھ میں پیٹرول بم اور کیلوں والے ڈنڈے نہیں دینے، ہم نے الیکٹرک بائیکس سکیم کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت ہم 30 ہزار بائیکس دے رہے ہیں، ایک سکول میں گئی تو وہاں ٹیچرز نے بتایا کہ کئی بچے ایسے غریب گھروں سے آتے ہیں جنہوں نے ناشتہ بھی نہیں کیا ہوتا اور وہ سکول میں بےہوش ہو جاتے ہیں، اس دن فیصلہ کیا اور اب ہم 5 ستمبر سے پانچویں جماعت تک کے بچوں کیلئے مفت دودھ مہیا کرنے کا پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں، اللّٰه کرے وہ دن جلد آئے جب ہم سکولز میں کھانا دیں۔
وزیرِ اعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز میں 138 پوزیشن ہولڈرز ہیں، ان 138پوزیشن ہولڈرز میں سے بیٹیوں کی تعداد زیادہ ہے، میرے لیے بیٹیاں اور بیٹے برابر ہیں، پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، آپ کو حکومت کی جانب سے تمام آسانیاں ملنی چاہئیں، اللّٰه کے نظام میں ناانصافی نہیں ہے، امید ہے آئندہ پوزیشن ہولڈرز کی تعداد زیادہ ہو گی، ہم 25 ارب روپے سے سکالرشپس سکیم شروع کر رہے ہیں، کوشش ہو گی سکالرشپس پروگرام میں طلباء کی تعداد بڑھائیں۔
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ بچوں سے کہنا چاہتی ہوں اپنے وطن سے محبت کریں اور جو بھی فیصلہ کریں پاکستان اور اس کے جھنڈے کو سامنے رکھ کر کریں، ایک قوم بن کر سوچیں، جب آپ کے سامنے دو راستے ہوں تو ہمیشہ وہ راستہ اپنائیں جو پاکستان کیلئے بہتر ہو، جب سب بچے ایسے سوچیں گے تو پاکستان کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا، ماں باپ کی عزت و تکریم اور محبت سے ہی انسان ترقی کرتا ہے، ہمیشہ ماں باپ کی قدر کریں، انہیں کبھی مڑ کر جواب نہ دیں، ماں باپ جو بھی کہیں آپ سر جھکا لیں، میں آج جس مقام پر ہوں اللّٰه کے بعد میرے ماں باپ کی دعا ہے، میری والدہ کہتی تھیں کہ اپنے اساتذہ کی عزت کرو، آپ بھی اپنے اساتذہ کی عزت کریں، آپ کے یہاں تک پہنچنے میں اساتذہ کا بہت بڑا کردار ہے۔
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے عوام کیلئے بجلی کی قیمتوں میں ریلیف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین کہتے ہیں کہ دو مہینوں کیلئے بجلی بلز میں ریلیف بےوقوفی ہے، ان سے پوچھتی ہوں کہ آپ کا کرپشن کر کے پیسے اپنی جیبوں میں میں ڈالنا، اپنے پروٹوکولز پر پیسے خرچ کرنا، ہیلی کاپٹرز اور جہازوں پر پیسے خرچ کرنا بیوقوفی نہیں ہے مگر عوام کو ریلیف دینا بےوقوفی ہے؟ ایسی بات کہنے والوں پر افسوس ہے، یہ شارٹ ٹرم ریلیف نہیں ہے، یہ دو ماہ کا ریلیف ہے اور اس کے بعد ہم بہت بڑا سولر پروگرام لے کر آ رہے ہیں جو ہمیشہ کیلئے آپ کو بجلی کے زیادہ بلز سے نجات دے گا۔