اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا ملک دشمنی ہے، علی امین گنڈا پور گاڑی کی ڈگی میں فرار ہو گئے اور خود ساختہ روپوشی میں ہیں، گنڈا ہور نے ڈگی میں فرار ہو کر خیبرپختونخوا کی ناک کٹوا دی ہے، پی ٹی آئی والے جلوسوں میں دہشتگردوں کو ساتھ لاتے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرین کے تشدد سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار عبدالحمید شاہ کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد میڈہا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے اور وہ پاکستان سے دشمنی کا ایجنڈا ہے، کل ایک جتھا اسلام آباد پر حملہ کرنے آیا اور کہا کہ ہم پُرامن ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا ملک دشمنی کا ہے، پی ٹی آئی نے 2014 میں چینی وزیراعظم کی آمد کو سبوتاژ کرنے کیلئے یہی کیا تھا اور اب شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کو سبوتاژ کرنے کیلئے بھی یہی سب کر رہے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے بھارت کو اپنے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی، اگر پی ٹی آئی کے لوگ زخمی ہوئے ہیں تو وہ کون سے ہاسپٹل میں ہیں؟
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور گاڑی کی ڈگی میں فرار ہو گئے اور خود ساختہ روپوشی میں ہیں جبکہ صوبائی حکومت اسمبلی اجلاس بلا کر ڈرامہ رچایا جا رہا ہے، یہ لوگ گنڈا پور کی روپوشی کا الزام حکومت پر ڈالیں گے، گنڈا پور گرفتار ہوئے ہیں تو ثبوت دیں، گنڈا پور نے ڈگی میں فرار ہو کر خیبرپختونخوا کی ناک کٹوا دی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور چاہتے ہیں عمران خان جیل سے باہر نہ نکلیں، علی امین گنڈاپور وکٹ کے دونوں اطراف کھیل رہے ہیں، خیبرپختونخوا میں صرف ایک ہی چیز ہو رہی ہے اور وہ کرپشن ہے، یہ ڈینگی کا ایک مچھر تک مارنے کہ صلاحیت نہیں رکھتے۔
فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا کی پی ٹی آئی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں امن وامان قائم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے، میرا صوبہ آگ کی ہولی کھیل رہا ہے جبکہ وزیرِ اعلٰی کو کچھ معلوم ہی نہیں ہے، یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے جلوسوں میں دہشتگردوں کو ساتھ لاتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج میں شریک کارکنان کے تشدد سے اسلام آباد پولیس کے اہلکار عبدالحمید شاہ شہید ہو گئے ہیں، وفاقی دارالحکومت میں 26 نمبر چونگی کے مقام پر پر پی ٹی آئی کارکنان کے پتھراؤ اور تشدد سے شدید زخمی ہونے والے پولیس اہلکار عبدالحمید شاہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے پمز اسپتال میں دم توڑ گئے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سیاسی جماعت (پی ٹی آئی) کا پرتشدد احتجاج پولیس افسر کی جان لے گیا، شرپسند عناصر پولیس کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کو اغواء کے بعد تشدد کرتے رہے، بعدازاں انہیں پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔