بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو ہم ایسا جواب دیں گے کہ جس کا کبھی سوچا بھی نہ ہو گا، وزیراعظم شہباز شریف

پاک فوج نے پاکستان کے دشمنوں کے ہوش ٹھکانے لگا دیئے، رافیل کے تکبر میں مبتلا بھارت کا غرور خاک میں مل گیا، بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو ہم ایسا جواب دیں گے کہ جس کا کبھی سوچا بھی نہ ہو گا۔

پسرور، سیالکوٹ (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلح افواج کی قیادت اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، پاک فوج نے پاکستان کے دشمنوں کے ہوش ٹھکانے لگا دیئے جس کے بعد پاکستان کے دوست ممالک کے حوصلے بھی بلند ہو گئے ہیں، پاکستان اپنے بہادر بیٹوں پر بےپناہ فخر کرتا ہے، ہمارے شہداء ہمارا فخر رہے ہیں اور قوم ہمیشہ ان کی مقروض رہے گی، بھارت نے جھوٹے دعوے اور تکبر کی بنیاد پر کھلی جارحیت کا آغاز کیا جس کا الحمدللّٰه اسے بھرپور جواب ملا، بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو ہم ایسا جواب دیں گے کہ جس کا کبھی سوچا بھی نہ ہو گا، پانی ہماری ریڈ لائن ہے، مودی سندھ طاس معاہدے پر کبھی سوچنا بھی نہیں، رافیل کے تکبر میں مبتلا بھارت کا غرور خاک میں مل گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا پسرور چھاؤنی کا دورہ، جوانوں اور آفیسرز سے ملاقاتیں

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (انٹر سروسز پبلک ریلیشنز) کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پسرور چھاؤنی کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے معرکہِ حق کے دوران ’’آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ‘‘ کی فرنٹ لائنز پر افواجِ پاکستان کے جوانوں اور آفیسرز سے ملاقاتیں کی ہیں جبکہ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو، وفاقی وزراء احسن اقبال وعطاء اللّٰہ تارڑ اور کور کمانڈر سیالکوٹ بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف کو اہم بریفنگز دی گئیں

وزیراعظم شہباز شریف کو اس اہم دورہ کے دوران جنگی تیاریوں اور کور کی موجودہ آپریشنل تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگز دی گئی ہیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف آئندہ چند روز کے دوران پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے جوانوں اور آفیسرز سے ملاقات کیلئے ائیر بیسز اور نیول بیسز کا بھی دورہ کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا جوانوں سے خطاب

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے جوانوں اور آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری عسکری قیادت اور ہمارے بہادر سپوت پاکستانی قوم کا فخر ہیں، قوم کے غیر متزلزل عزم سے مضبوط پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے مادرِ وطن کا بہادری سے دفاع کیا اور دشمن کی بزدلانہ جارحیت کو فیصلہ کن ضرب لگائی، افواجِ پاکستان کو دشمن کے خلاف عظیم کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں، جو جنگ پاکستان نے لڑی اور جیتی ہے اس پر کتابیں لکھی جائیں گی۔

مسلح افواج کی قیادت اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری بہادر افواج نے وطن عزیز اور 24 کروڑ عوام کے وقار میں اضافہ کیا اور اپنی بہادری سے قوم کی عزت افزائی کی، یہ کامیابی رہتی دنیا تک تاریخ میں ایک سنہری باب بن کر رہے گی، ہمارے بہادر سپوتوں نے دشمن کو ایک انچ بھی آگے نہیں بڑھنے دیا اور اللّٰه تعالیٰ کے فضل سے خود سے کئی گنا بڑے دشمن کے گھمنڈ اور غرور کو خاک میں ملا دیا، تینوں مسلح افواج کی قیادت اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

پاک فوج نے پاکستان کے دشمنوں کے ہوش ٹھکانے لگا دیئے۔

پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے شاہینوں نے دشمن کو جو ضرب لگائی ہے یہ معمولی کارنامہ نہیں، اب پاکستان کو روایتی جنگ میں پیچھے چھوڑنے کے بھارتی دعوے خاک میں مل گئے ہیں، پاک فوج نے پاکستان کے دشمنوں کے ہوش ٹھکانے لگا دیئے، آج دنیا پاکستان کی عسکری صلاحیتوں کی معترف ہے، پاکستان امن کا داعی ہے اور امن چاہتا ہے مگر ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

پاکستان کے دوست ممالک کے حوصلے بھی بلند ہو گئے ہیں۔

شہباز شریف نے واضح کیا کہ دشمن کے خلاف پاکستان کی اس کامیابی سے پاکستان کے دوست ممالک کے حوصلے بھی بلند ہو گئے ہیں، تاریخ ہمیشہ اس بات کو یاد رکھے گی کہ کس طرح چند گھنٹوں میں پاکستان کے محافظوں نے بےمثال درستی اور عزم کے ساتھ بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

پاکستان اپنے بہادر بیٹوں پر بےپناہ فخر کرتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فرنٹ لائن پر بہادر جوانوں اور آفیسرز سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے بلند حوصلے، اور ان کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل جنگی تیاری پر ان کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان اپنے بہادر بیٹوں پر بےپناہ فخر کرتا ہے، قوم کے یہ بہادر سپوت قوم کی آنکھوں کے تارے ہیں۔

شہداء ہمارا فخر رہے ہیں، قوم ہمیشہ ان کی مقروض رہے گی۔

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے بھارت کی کھلی جارحیت کے نتیجہ میں بےگناہ اور نہتے بچوں، بوڑھوں اور خواتین کی شہادت اور انہیں دہشتگرد قرار دینے کو انتہائی شرمناک اور بین الاقوامی قوانین اور اصول و ضوابط اور اخلاقیات کے منافی قرار دیا اور کہا کہ ہمارے شہداء ہمیشہ سے ہمارا فخر رہے ہیں اور قوم ہمیشہ ان کی مقروض رہے گی۔

بھارت کے پاس پہلگام واقعہ پر ثابت کرنے کیلئے کچھ نہیں تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے دوہرے معیار کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جانب سے (پہلگام واقعہ پر) غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کے باوجود بھارت نے جان بوجھ کر اس سے گریز کیا کیونکہ اس کے پاس ثابت کرنے کیلئے کچھ نہیں تھا، بھارت نے جھوٹے دعوے اور تکبر کی بنیاد پر کھلی جارحیت کا آغاز کیا جس کا الحمدللّٰه اسے بھرپور جواب ملا۔

بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو ہم ایسا جواب دیں گے کہ جس کا کبھی سوچا بھی نہ ہو گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ مہم جوئی کا راستہ اختیار کیا تو ہمیں مکمل تیار پائے گا، پاکستان امن اور جنگ دونوں کیلئے تیار ہے، دوبارہ جارحیت کی گئی تو ایسا جواب دیں گے کہ جس کا کبھی سوچا بھی نہ ہو گا، مودی سے کہتا ہوں کہ آگ لگانے کی بجائے آگے بڑھنے کی بات کریں۔

پانی ہماری ریڈ لائن ہے، مودی سندھ طاس معاہدے پر کبھی سوچنا بھی نہیں۔

اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی ہم منصب کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کس نے 1971 میں مکتی باہنی کو ٹریننگ دی تھی؟ دنیا جانتی ہے مسٹر مودی کہ بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے تانے بانے آپ سے ملتے ہیں، مسٹر مودی اپنے بھاشن اپنے پاس رکھیں اور سندھ طاس معاہدے پر کبھی سوچنا بھی نہیں، پانی ہماری ریڈ لائن ہے اور ہم اس سے دستبردار نہیں ہو سکتے، پانی روکنے کی کوشش کی تو ہم واضح کرتے ہیں کہ پانی اور خون ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

رافیل کے تکبر میں مبتلا بھارت کا غرور خاک میں مل گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی رافیل طیاروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رافیل کے تکبر میں مبتلا بھارت کا غرور خاک میں مل گیا، آپ سمجھتے تھے کہ آپ اس علاقہ کے تھانیدار ہیں لیکن اب یہ جھوٹا تاثر ختم ہو گیا، مسٹر مودی دوبارہ یہ حرکت کی تو تمہیں منہ کی کھانا پڑے گی، مودی ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا، آپ اپنی قوم کو مزید دھوکا نہ دیں۔

ہم بھارت سے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر جامع مذاکرات کریں گے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت سے مربوط مذاکرات ہوں گے، ہم میٹھا میٹھا ہپ ہپ اور کڑوا کڑوا تھو نہیں ہونے دیں گے، ہم بھارت سے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر جامع مذاکرات کریں گے۔

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

More from The Thursday Times

error: