لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی اور اس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے عوام پر پڑنے والے مالی بوجھ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پیٹرول پر خصوصی ریلیف سکیم کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق حکومت کو تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام کو درپیش مشکلات کا مکمل احساس ہے۔ انہوں نے کہا، ”مشکل کی اس گھڑی میں ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔“
خصوصی ریلیف سکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے شہریوں کو پیٹرول کی قیمت پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مطابق موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کو ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول تک 100 روپے فی لیٹر کی رعایت دی جائے گی۔ اس طرح اہل صارفین کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 2,000 روپے کا ریلیف حاصل ہو سکے گا۔
اسی طرح 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف فراہم کیا جائے گا، جس کے تحت انہیں ماہانہ زیادہ سے زیادہ 3,000 روپے کی رعایت مل سکے گی۔
حکومت کے مطابق سکیم کا اطلاق اسلام آباد کی حدود میں آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے کر دیا جائے گا، جبکہ پورے پاکستان، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، میں اس کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ہوگا۔
خصوصی ریلیف سکیم کیلئے رجسٹریشن کا آغاز آج سے کر دیا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کے مکمل طریقہ کار اور سکیم سے استفادہ کرنے کی تفصیلات ایک آگاہی مہم کے ذریعے عوام تک پہنچائی جائیں گی۔
وزیراعظم نے موٹرسائیکلوں، رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق معلومات کی فراہمی اور رجسٹریشن کے عمل میں تعاون پر صوبائی حکومتوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
حکومت کی جانب سے یہ سکیم ایسے وقت میں متعارف کرائی گئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی توانائی منڈی دباؤ کا شکار ہے اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان میں بھی ایندھن کی قیمتوں پر پڑ رہے ہیں۔





