اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ حکومت کا ہے فوج کا نہیں، یہ فیصلہ میرا تھا اور میں کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے میاں نواز شریف سے مشاورت کرتا ہوں، آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنانے کے فیصلہ میں بھی میاں نواز شریف کے ساتھ مشاورت شامل ہے۔
جنگ مستقل حل نہیں بلکہ دیرپا امن ہی محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنگ میں کسی کی جیت ہوتی ہے تو کسی ایک کی ہار بھی ہوتی ہے، جنگ مستقل حل نہیں بلکہ دیرپا امن ہی محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) میں زمانہِ امن کی پوزیشن پر واپس آنے کے حوالہ سے اتفاقِ رائے ہو گیا ہے۔
آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ حکومت کا ہے فوج کا نہیں، نواز شریف کے ساتھ مشاورت شامل ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کیلئے فیلڈ مارشل کے اعزاز سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ حکومت کا ہے فوج کا نہیں، یہ فیصلہ میرا تھا اور میں کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے میاں نواز شریف سے مشاورت کرتا ہوں، آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنانے کے فیصلہ میں بھی میاں نواز شریف کے ساتھ مشاورت شامل ہے۔
بھارت کے ساتھ کشمیر، پانی، تجارت اور دہشتگردی کے حوالہ سے بات ہو گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دہشتگردی سے متعلق جب بھی غیرجانبدار مقام پر مذاکرات ہوئے وہ دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیر (سیکیورٹی ایڈوائزرز) کریں گے، بھارت اب تک کسی تیسرے ملک میں گفتگو کیلئے راضی نہیں جبکہ وہ کسی تیسرے ملک کی مذاکرات میں شرکت پر بھی آمادہ نہیں، بھارت سے بات چیت کے دوران پاکستان کی جانب سے چار اہم نکات شامل ہوں گے، بھارت کے ساتھ کشمیر، پانی، تجارت اور دہشتگردی کے حوالہ سے بات ہو گی۔
کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسیز ہیں۔
بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسیز ہیں، ہم بھارتی دہشتگردی کے ثبوت پوری دنیا کے سامنے رکھیں گے، جنگ بندی کی درخواست بھارت کی جانب سے کی گئی تھی۔
جنگ کے دوران اسرائیل کے ہتھیار اور فوجی ایڈوائزرز بھارت کی بھرپور مدد کر رہے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ (حالیہ پاک بھارت) جنگ کے دوران اسرائیل نے بھارت کی خوب مدد کی ہے، سرینگر اور دیگر مقامات پر بھارت نے اسرائیلی ہتھیار استعمال کیے ہیں، اسرائیل کے ہتھیار اور فوجی ایڈوائزرز بھارت کی بھرپور مدد کر رہے تھے، اسرائیلی ہتھیاروں کے استعمال کے شواہد موجود ہیں۔