این آر او نہیں دوں گا

عجیب این آر او ھے جن کو ضرورت ہے وہ لینے کا تردد تک نہیں کرتے جبکہ اپوزیشن والے کہتے ہیں کہ اپنی این آر او اپنے پاس ھی رکھو لیکن شعور سے محروم قبیلے میں پھر بھی این آر او بیچنے کی آواز لگ رھی اور “سودا” بھی کسی حد تک بک رہا ہے۔
لیکن ہوا کیا؟ دو نہیں ایک پاکستان کا علمبردار عمران خان این آر او کا بد رنگ پھریرا لہراتے ہوئے “دوسرے پاکستان” کی خاطر پرویز مشرف کے دفاع میں نکل آیا اور قوم کو اپنی اوقات یاد دلاتے ہوئے نہ صرف ایک مجرم کو بچا کر لے گیا بلکہ فیصلے اور عدالت تک کو اڑانے میں وہ کردار ادا کیا جو شیخ رشید اور فردوس اعوان جیسے لوگ بھی ادا کرتے ہوئے شرما جائیں۔
چینی اور آٹے کی بحران سے قطاروں میں کھڑے عوام کی چیخوں اور بددعاوں نے ایک قیامت برپا کر دی اور بالآخر “مجرموں” کا تعین بھی ہو گیا لیکن خان صاحب نے حسب معمول عوام کو چند جذباتی لولی پاپ دینے کے بعد جہانگیر ترین سے خسرو بختیار تک سب مہربان دوستوں پر این آر او کی ایسی بارش برسا دی کہ نہ دامن پہ کوئی چھینٹ دکھائی دیا نہ خنجر پر کوئی داغ۔
یہ خان صاحب کی اسی فتنہ انگیز این آر او کی جادوگری ھی ھے کہ قرضوں میں جکڑے اس غریب ملک کے عوام کے لئے دوائیں راتوں رات پانچ سو فیصد مہنگی ہو جاتی ہیں تو انگلیاں عمران کابینہ کے وزیر صحت عامر کیانی کی طرف اٹھنے لگتی ہیں لیکن این آر او کا سب سے بڑا مخالف اور عامر کیانی طبقے کا “ڈٹا ہوا” لیڈر عمران خان انہیں فورا “ایک سائیڈ پر لے جا کر ” این آر او کی پناہ گاہ فراہم کر دیتا ھے۔ تقریبا یہی صورتحال اگلے وزیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے حوالے سے بھی ھے۔
کئی پارٹیاں بدل کر اشارہ ابرو پر تحریک انصاف کے خیمے میں پڑاؤ ڈالنے اور وزارت اعلی کے بعد وفاقی وزارت حاصل کرنے والے پرویز خٹک مالم جبہ بی آر ٹی اور سونامی بلیئن ٹری جیسے میگا کرپشن سکینڈلز سامنے آنے کے بعد بھی عمران خان کی طرف سے فراہم کردہ اس این آر او کی رت پر سوار ہیں جو کرپشن کی دلدل میں لتھڑے عمران خان کے ھر سہولت کار اور ساتھی کو میسر ہے۔
Subscribe
0 Comments