إسلام آباد—وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کوئی پنچایت نہیں اس کا کام ثالثی کروانا نہیں انکا کام آئین و قانون کے تحت فیصلے دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان 4/3 کا فیصلہ مانتی ہے 3/2 کا نہیں ہے لیکن سپریم کورٹ اپنے تین رکنی بنچ کے ساتھ معاملات کو آگے لے کر جانا چاہتی ہے جس کو پارلیمان نے قبول نہیں کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی لیڈرشپ کی جانب سے امریکی سازش کا نعرہ لگا کر پاکستان کے راستے میں کانٹے بچھائے اور پھر یوٹرن مار کر کہا گیا کہ یہ سازش امریکہ نے نہیں کی بلکہ یہ اندرونی سازش تھی جس سے ہمارے خارجی تعلقات کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔
شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے معاشرے میں تقسیم در تقسیم کی گئی معاشرے میں زہر گھولا گیا استاد کو طالبعلم سے آجر کو اجیر سے سیاستدان کو ورکر سے غرض ہر طرح کے حربے استعمال کرکے ملک میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف نے افواج پاکستان کی لیڈرشپ کو نشانہ بنایا پاکستان سے باہر بیٹھے چند ایجنٹس جن کا تعلق تحریک انصاف سے ہیں انہوں نے وہ کردار ادا کیا جو کوی دشمن بھی ادا نہ کرپاتا یہ سب کچھ ذاتی انا ذاتی مقاصد اور ذاتی اقتدار کیلئے کیا جارہا ہے