نامور صحافی عمر چیمہ نے ساتھی جرنلسٹ اعزاز سید کے ہمراہ اپنے پروگرام میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ فوج کو بطور ادارہ درپیش چیلنجز کی وجہ یہ ہے کہ قیادت اور ماتحت ملازمین کی سوچ میں اختلاف ہے، لاہور کے کور کمانڈر اپنی قیادت کے برخلاف عمران خان کی حمایت کرتے ہیں اور انہوں نے خود تحریکِ انصاف کے کارکنان کو کور کمانڈر ہاؤس میں داخل ہونے دیا مگر شاید وہ یہ نہیں جانتے کہ عمران خان اپنے ٹارگٹس کے حصول کیلئے یہ نہیں دیکھتے کہ سامنے کھڑا شخص ان سے محبت رکھتا ہے یا نفرت کرتا ہے۔
عمر چیمہ کا کہنا تھا کہ لاہور کے کور کمانڈر نے تحریکِ انصاف کے کارکنان کو اندر تو داخل ہونے دیا مگر اس کے بعد معاملات کو قابو نہ کر سکے، کور کمانڈر نے سیکیورٹی سٹاف کو سویلین کپڑے پہننے کی تلقین کی اور پھر سامان اٹھا کر اہلِ خانہ کے ہمراہ دوسرے راستہ سے نکل گئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کور کمانڈر کو اپنے عہدہ کی اہمیت کا خیال رکھنا چاہیے تھا، انہوں نے ادارہ کے وقار کو مجروح کیا۔ مظاہرین نے عمارت کو نقصان پہنچایا اور فوجی گاڑیوں کو بھی توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا۔