واشنگٹن—امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستانی شہری ہیں اور امریکی حکومت عموماً کسی نجی شہری کے متعلق کوئی موقف نہیں رکھتی جبکہ پاکستان کی سیاست کا فیصلہ پاکستان کے عوام نے کرنا ہے۔
امریکہ محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے جمعرات کو ایک نیوز بریفنگ کے دوران یہ واضح کیا کہ امریکی حکومت پاکستان میں عمران خان کے متعلق کوئی مؤقف نہیں رکھتی جبکہ ماضی میں عمران خان کی جانب سے امریکی سازش کے الزامات کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ہم ماضی میں بھی اس بارے میں بات کر چکے ہیں، عمران خان کے الزامات غلط بیانی پر مبنی ہیں اور پاکستانی سیاست امریکی حکومت کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس کا فیصلہ آئین و قوانین کے مطابق پاکستان کے عوام نے کرنا ہے۔
پاکستانی حکومت کی جانب سے نیوز چینلز کو اپنے نیوز بلیٹن اور ٹاک شوز میں عمران خان کا نام نہ لینے کی ہدایات کے متعلق ایک سوال کے جواب میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان میں صحافیوں کو آزادانہ کام کرنے دیا جائے گا، ہم عموماً تمام حکومتوں سے یہی کہتے ہیں کہ وہ صحافیوں اور میڈیا کے کردار کا احترام کریں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ جمہوری معاشروں میں میڈیا ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔
رواں ہفتے ایک اور نیوز بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ہم تمام حالات سے واقف ہیں اور ماضی کی طرح پاکستانی حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ آئین کے مطابق جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کا احترام کریں۔