لاہور—تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے یوٹیوب کے ذریعہ ویڈیو خطاب کرتے ہوئے حکمراں اتحاد اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر بیٹھنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
عمران خان نے کہا ہے کہ میں آج پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور اسٹیبلشمنٹ سے کہنا چاہتا ہوں کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب مل کر بیٹھیں اور صرف ملک کا سوچیں۔
چیئرمین تحریکِ انصاف کا کہنا تھا کہ ہمیں اب اپنی ذات کے بارے میں نہیں سوچنا چاہیے بلکہ اب ہمیں ملک کے متعلق سوچنا ہو گا، ہم مل کر بیٹھیں گے تو اپنی ذات سے ہٹ کر وہی فیصلہ کریں گے جو پاکستان کیلئے بہتر ہو گا۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز برطانیہ کے قومی نشریاتی ادارہ “بی بی سی” کو انٹرویو دیتے ہوئے حکمراں اتحاد کے ساتھ بیٹھنے سے انکار کر دیا تھا جبکہ اس سے پہلے بھی کئی بار عمران خان اپنی تقاریر اور انٹرویوز کے دوران کہہ چکے ہیں کہ وہ کبھی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ساتھ بات نہیں کریں گے۔