اسلام آباد—پاکستان کے تین خفیہ اداروں کے پاس یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ میاں نواز شریف کی وطن واپسی پر دہشتگرد عناصر کی جانب سے ان پر حملہ کیا جا سکتا ہے۔ اس بات کا انکشاف معروف صحافی رضوان رضی نے ایک نجی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔
سینیئر جرنلسٹ کے مطابق سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پر جن دہشتگرد عناصر کی جانب سے ایک بڑا حملہ کیا گیا تھا، انھی کے متعلق یہ اطلاعات ہیں کہ وہ اب مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
رضوان رضی نے دعویٰ کیا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی نامی دہشتگرد گروہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حمایت کر رہا ہے اور اسی وجہ سے وہ میاں نواز شریف کو ٹارگٹ کرنا چاہتا ہے جبکہ یہی عناصر دو روز قبل ہنگو میں ہونے والے خودکش حملہ میں بھی ملوث ہیں۔
یاد رہے کہ تین بار پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہونے والے میاں نواز شریف چار برس وطن سے جدا رہنے کے بعد اب 21 اکتوبر کو پاکستان واپس آ رہے ہیں جبکہ ان کی جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز نے اپنے قائد کی وطن واپسی پر شاندار استقبال کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔