اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان کی جانب سے ایرانی سفیر کو پاکستان آنے سے روک دیا گیا ہے اور ایران میں تعینات پاکستانی سفیر کو بھی وطن واپس بلا لیا گیا ہے جبکہ پاکستان نے دونوں ممالک کے مابین تمام اعلیٰ سطحی دوروں کو بھی معطل کر دیا ہے۔
دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ رات ایران کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری کی بلا اشتعال اور کھلم کھلا خلاف ورزی بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں سے انحراف ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ایران کا غیر قانونی عمل مکمل طور پر ناقابلِ قبول اور بلاجواز ہے جبکہ پاکستان اس غیر قانونی اقدام کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، اس کے نتائج کی ذمہ داری پوری طرح ایران پر عائد ہو گی اور ہم نے یہ پیغام ایرانی حکومت تک پہنچا دیا ہے۔
پاکستانی دفترِ خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے ایران کو یہ اطلاع بھی دے دی ہے کہ پاکستان نے ایران سے اپنے سفیر کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر جو کہ ابھی ایران میں ہیں وہ فی الحال واپس نہ آئیں، ہم نے پاکستان اور ایران کے مابین ان تمام اعلیٰ سطحی دوروں کو بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو جاری تھے یا آنے والے دنوں میں طے شدہ تھے۔