راولپنڈی — انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق پاکستان نے آج صبح ایران کے اندر ان ٹھکانوں کے خلاف مؤثر سٹرائیکس کی ہیں جو پاکستان میں حالیہ حملوں کے ذمہ دار دہشتگردوں کے زیرِ استعمال تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق تیر بہدف حملے قاتل ڈرونز، راکٹس، بارودی سرنگوں اور سٹینڈ آف ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے کیے گئے جبکہ کولیٹرل ڈیمیج سے بچنے کیلئے ہر ممکن احتیاط برتی گئی ہے، بلوچستان لبریشن آرمی اور بلوچستان لبریشن فرنٹ نامی دہشتگرد تنظیموں کے زیرِ استعمال ٹھکانوں کو انٹیلیجنس پر مبنی آپریشن “مرگ بر سرمچار” میں کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نشانہ بناتے گئے ٹھکانے بدنامِ زمانہ دہشتگرد استعمال کر رہے تھے جن میں دوستا عرف چیئرمین، بجار عرف سوغت، ساحل عرف شفق، اصغر عرف بشام، وزیر عرف وزی و دیگر شامل ہیں، پاکستان کی مسلح افواج دہشتگرد کارروائیوں کے خلاف پاکستانی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مستقل تیاری کی حالت میں ہیں۔
بین الخدماتی تعلقاتِ عامہ کے مطابق پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام اور کسی بھی مہم جوئی کے خلاف تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہمارا عزم غیرمتزلزل ہے، ہم پاکستانی عوام کی حمایت سے پاکستان کے تمام دشمنوں کو شکست دینے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، اگے بڑھتے ہوئے دونوں ہمسایہ برادر ممالک کے مابین دو طرفہ مسائل کے حل میں بات چیت اور تعاون کو محتاط سمجھا جاتا ہے۔