ننکانہ صاحب (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان میں کوئی صحیح معنوں میں میڈ اِن پاکستان لیڈر ہے تو وہ نواز شریف ہے، نواز شریف کوئی فارن امپورٹڈ نہیں بلکہ عوام کا لاڈلا ہے، نواز شریف کو کسی نے باہر سے فتنہ بنا کر لانچ نہیں کیا تھا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ گزشتہ کئی برس سے یہاں مقبولیت کے دعویدار گھومتے پھرتے تھے جو کہتے تھے کہ ہم بڑے مقبول ہیں، نواز شریف کو فاؤل پلے کر کے نکالا گیا تھا، آج نواز شریف واپس آ چکا ہے تو اب سب کو پتہ چل جائے گا کہ مقبولیت کس کو کہتے ہیں، نواز شریف کا بار بار نکالا گیا لیکن پاکستان کے عوام کو یہ سہرا جاتا ہے وہ بار بار اپنے ووٹ کی طاقت سے نواز شریف کو واپس لائے۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو فاؤل پلے کر کے دھاندلی کے ذریعہ جعلسازی کے تحت باہر نکالا گیا تھا جبکہ 9 مئی والوں کو کسی نے نہیں نکالا بلکہ انہوں نے اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی ماری ہے، ہمارا مقابلہ کسی کسی شخص، فرد یا جماعت سے نہیں بلکہ مہنگائی سے ہے، ہمارا مقابلہ مہنگی روٹی، مہنگی چینی، مہنگی گیس اور مہنگی بجلی سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کل کچھ لوگ کہتے ہیں کہ نواز شریف لاڈلا ہے، میں بھی کہتی ہوں کہ نواز شریف لاڈلا ہے کیونکہ نواز شریف واقعی پاکستان کے عوام کا لاڈلا ہے، اگر پاکستان میں کوئی واقعی میڈ اِن پاکستان لیڈر ہے تو وہ نواز شریف ہے، نواز شریف کو کسی نے باہر سے فتنہ بنا کر لانچ نہیں کیا تھا، نواز شریف اِس دھرتی کا، اِس مٹی کا، اِس وطن کا سچا بیٹا ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان میں کوئی عوام کا درد رکھنے والا واحد لیڈر ہے تو وہ صرف نواز شریف ہے، اگر پاکستان میں کوئی ایسا لیڈر ہے جو دن رات محنت کرتے ہوئے اور گالم گلوچ برداشت کرتے ہوئے سر پھینک کر عوام کی خدمت کرتا ہے تو وہ صرف نواز شریف ہے، عوام 8 فروری کو شیر پر مہر لگا کر پاکستان کو نواز دیں۔