لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے ہریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اب بھی اس بات پر قائم ہوں کہ میاں نواز شریف چوتھی بار پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوں گے اور میاں نواز شریف کی قیادت میں ہم قوم کو متحد کر کے پاکستان کو لگے زخم بھریں گے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ جس الیکشن میں ہمارے سینئر راہنما ہار گئے ہیں اس الیکشن کے بارے میں الزام لگایا جا رہا ہے کہ ہم نے دھاندلی کی ہے، ہماری جماعت میں سعد رفیق، جاوید لطیف، خرم دستگیر، رانا ثناء اللّٰہ، مرتضٰی جاوید عباسی و دیگر راہنما آزاد امیدواروں سے ہار گئے ہیں اور پھر دھاندلی کا الزام بھی ہم پر لگایا جا رہا ہے۔
صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ایک طرف الزام لگایا جاتا ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے لیکن دوسری جانب خیبرپختونخوا میں آزاد امیدواروں کو اکثریت مل گئی، کیا وہاں بھی دھاندلی کر کے ان آزاد امیدواروں کو جتوایا گیا ہے؟ الیکشن 2013 کے بارے میں بھی کہا گیا تھا کہ دھاندلی ہوئی ہے اور 35 پنکچر جیسے الزامات لگائے گئے لیکن پھر عارف علوی نے 2015 میں ٹویٹ کر کے اس الزام پر معافی مانگی اور تسلیم کیا کہ یہ الزام غلط تھا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر آزاد اراکین حکومت بنا سکتے ہیں تو بڑے شوق سے بنائیں، اگر تمام آزاد امیدوار مل کر حکومت بنا لیں تو ہم اپوزیشن میں بیٹھ جائیں گے اور اپنا آئینی کردار ادا کریں گے لیکن اگر وہ آزاد امیدوار حکومت نہیں بنا سکتے تو پھر سیاسی جماعتیں باہمی مشاورت سے اپنا وزیراعظم منتخب کریں گی اور جمہوریت آگے بڑھے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری 16 ماہ کی مخلوط حکومت کے بارے میں بڑی تنقید کی جاتی ہے لیکن میں ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں کہ ہم نے ریاست کو بچایا اور سیاست کو قربان کیا ورنہ تحریکِ انصاف کی حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ کروا دیا تھا، ہمارے دور میں کرپشن میں واضح طور پر کمی دیکھی گئی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق میاں نواز شریف کے دورِ حکومت میں کرپشن میں کمی آئی لیکن عمران خان کے دور میں کرپشن میں اضافہ ہوا جبکہ ہماری 16 ماہ کی حکومت میں ایک بار پھر کرپشن میں کمی سامنے آئی۔
صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پنجاب میں الحمدللّٰه مسلم لیگ (ن) کی اکثریت ہے اور مرکز میں بھی مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی جماعت ہے، ہمارے ارکان کی تعداد اب تک 80 ہو چکی ہے اور مزید آزاد منتخب اراکین بھی ہمارے ساتھ مل رہے ہیں، مجھے کوئی اور ٹرم نہیں چاہیے مجھے صرف پاکستان کی خوشحالی کی ٹرم چاہیے، میاں نواز شریف کی قیادت میں ہم قوم کو متحد کر کے ملک کو لگے زخم بھریں گے۔
شریف کی قیادت میں ہم قوم کو متحد کر کے ملک کو لگے زخم بھریں گے۔