لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف اگلے پانچ برس بھرپور سیاست کریں گے اور انشاءاللّٰه وفاق اور پنجاب میں اپنی حکومتوں کی سرپرستی کریں گے۔
مریم نواز شریف نے ٹویٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نواز شریف نے وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ قبول نہیں کیا لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ سیاست سے کنارہ کش ہو رہے ہیں، نواز شریف اگلے پانچ برس بھرپور سیاست کریں گے جبکہ مرکز اور پنجاب میں بھی نواز شریف اپنی حکومتوں کی سرپرستی کریں گے۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے تینوں ادوارِ حکومت میں عوام نے انہیں واضح اکثریت دی تھی اور عام انتخابات 2024 سے قبل نواز شریف انتخابی جلسوں سے خطاب کے دوران یہ مؤقف بیان کرتے رہے کہ وہ کسی مخلوط حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے۔
نامزد وزیرِ اعلٰی پنجاب نے کہا کہ جو لوگ نواز شریف کے مزاج سے واقف ہیں وہ نواز شریف کے اصولی مؤقف کے بارے میں بھی جانتے ہیں، میں اور شہباز شریف ان کے سپاہی ہیں اور ان کے حکم کے پابند ہیں، ہم نواز شریف کی سرپرستی اور نگرانی میں کام کریں گے، اللّٰه تعالٰی ہمیں کامیابی عطا فرمائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے یہ اعلان کیا تھا کہ جماعت کے قائد میاں نواز شریف نے وزارتِ عظمٰی کیلئے شہباز شریف اور پنجاب کی وزارتِ اعلٰی کیلئے مریم نواز شریف کو نامزد کیا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر میاں نواز شریف کے ہزاروں چاہنے والوں نے ان کے اس فیصلے پر ردعمل کے طور پر جذباتی انداز میں میاں نواز شریف سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا جبکہ کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف سیاست سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔