اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — سپریم کورٹ میں سی ڈی اے کی جانب سے مونال پر وائلڈ لائف سے فسلیٹیشن سینٹر واپس لینے کے معاملہ سماعت کے دوران ایک موقع پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے عقیدہ ختم نیوتﷺ کا اظہار کیا گیا ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ نبی آخر الزماں حضرت محمد (صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم) کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا ہے، آپﷺ صرف مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ تمام انسانوں سمیت اللّٰه تعالٰی کی تمام مخلوقات حتیٰ کہ پرندوں کیلئے بھی رحمت بنا کر بھیجے گئے ہیں۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ معراج کی رات تمام انبیاء کرام (علیہم السلام) نے حضرت محمدﷺ کی امامت میں نماز پڑھی جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ آپﷺ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا، آپﷺ کے بعد اب کوئی رسول نہیں ہو گا، نبی کریمﷺ کے بعد بات ختم ہو گئی اور ہمیں اب نبی کریمﷺ سے ہی راہنمائی لینی ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائض عیسی نے کہا کہ نبی کریم (صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم) رحمت اللعالمین ہیں اور اس کا ذکر قرآن مجید میں بھی کیا گیا ہے، اللّٰه تعالٰی نے آپﷺ کو حبیب اللّٰه کا لقب دیا ہے جس کا مطلب ہے کہ آپﷺ اللّٰه تعالٰی کی محبوب ترین ہستی ہیں۔