باکو (تھرسڈے ٹائمز) — آذربائجان کی نیوز ایجنسی “آذر نیوز” نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس اور آذربائجان کی فضائیہ کے مابین جے ایف 17 سی بلاک تھری لڑاکا طیاروں کا ایک بڑا اور تاریخی برآمدی معاہدہ طے پایا ہے۔
آذر نیوز کے مطابق پاکستان اور آذربائجان کے مابین جے ایف 17 سی بلاک تھری لڑاکا طیاروں کا یہ معاہدہ 1 اعشاریہ 6 ارب ڈالرز میں طے پایا ہے جبکہ اس معاہدہ میں طیارے، تربیت اور گولہ بارود شامل ہیں۔
ایروناٹیکل کمپلیکس پاکستانی فوج کیلئے ہوائی جہاز اور دیگر چیزیں تیار کرنے والی ایک بڑی کمپنی ہے جس کا اغاز 1971 میں پاکستان ایئر فورس نے کیا تھا، ایروناٹیکل کمپلیکس پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک کیلئے بھی ہوائی جہاز بناتی اور ان کی مرمت کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایرو ناٹیکل کمپلیکس کچھ مصنوعات کی تیاری کیلئے ترکی اور چائنہ کی کچھ کمپنیز کے ساتھ مل کر بھی کام کرتی ہے جبکہ اس کے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، نائجیریا اور میانمار میں بھی کاروبار ہیں۔