لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — نو منتخب وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کی پہلی خاتون وزیرِ اعلٰی منتخب ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ میں صرف مسلم لیگ (ن) کی وزیرِ اعلٰی نہیں ہوں بلکہ پنجاب کے 12 کروڑ عوام کی وزیرِ اعلٰی ہوں، میرے دل میں کسی کیلئے انتقام کا جذبہ نہیں ہے، مجھے اس میں آپ سب کا ساتھ چاہیے، انشاءاللّٰه ہم ایک بہتر پنجاب بنائیں گے۔
مریم نواز شریف نے خطاب کے اغاز میں کہا کہ قدرت کا نظام ہے کہ ہر مشکل کے بعد آسانی اور عزت ملتی ہے اور یہ عزت ملنے پر میں اللّٰه تعالٰی کا شکر ادا کرتی ہوں، ہم پر بہت انتہائی مشکل وقت آیا اور وہ مشکل وقت بہت طویل عرصہ تک رہا جب ہر چیز ہمارے خلاف تھی، مشکلات و مصائب کا سامنا تھا، ہمیں ظلم اور بربریت کا نشانہ بنایا گیا لیکن اللّٰه تعالٰی کا شکر ہے کہ ہم نے بطور جماعت میدان کبھی خالی نہیں چھوڑا۔
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ میری والدہ آج یہاں میرے ساتھ موجود نہیں ہیں لیکن ان کی دعائیں ہر وقت میرے ساتھ رہتی ہیں، میں ان سب کی بھی وزیرِ اعلٰی ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ دیا اور میں ان سب کی بھی وزیرِ اعلٰی اور ان کی بہن اور بیٹی ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ نہیں دیا، تمام اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن کو بھی میرا پیغام ہے کہ میرے چیمبر اور میرے دفتر کے دروازے جس طرح میری جماعت کے لیے کھلے ہیں اسی طرح ان کیلئے بھی کھلے ہیں۔
نو منتخب وزیرِ اعلیٰ کا کہنا تھا کہ میں محمد نواز شریف، شہباز شریف، اپنی جماعت مسلم لیگ (ن) اور ایک ایک کارکن کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھے نامزد کیا، میرا ساتھ دیا اور میری حمایت کی، میرا یہ اعزاز پاکستان کی ہر بہن، بیٹی اور ماں کا اعزاز ہے کہ آج یہاں پاکستان کی پہلی خاتون وزیرِ اعلٰی کھڑی ہے، اج یہ جو تاریخ بن رہی ہے یہ ہر خاتون کی فتح ہے، یہ ہر بیٹی اور ہر ماں کی فتح ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عورت ہونا یا بیٹی ہونا آپ کے خوابوں کی تعبیر کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا، میں نے جن درسگاہوں سے تعلیم حاصل کی وہاں اپنے اساتذہ کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰه تعالٰی کو گواہ بنا کر کہتی ہوں کہ میں اپنے ان مخالفین کی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے انتقام اور ظلم کا نشانہ بنایا کیونکہ انہوں نے مجھے امتحانات سے گزار کر میری ٹریننگ کر دی، مجھے ظلم و انتقام کا نشانہ بنایا گیا، سزائے موت کے قیدیوں کی چکیوں میں رکھا گیا، والد کی آنکھوں کے سامنے گرفتار کیا گیا، دورانِ قید والدہ کا گزر جانے کی خبر ملی، انہوں نے میرے اوپر یہ مظالم ڈھا کر میرے اوپر احسان کیا ہے، آج یہ کہتی ہوں کہ میرے دل میں کسی کیلئے انتقام کا جذبہ نہیں ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اللّٰه تعالٰی اور عوام نے مجھے اج اس کرسی پر بٹھایا ہے جس کرسی پر پاکستان کا وہ لیڈر بیٹھتا تھا جس کو اللّٰه تعالٰی اور عوام نے تین مرتبہ پاکستان کا وزیراعظم بنایا اور جس نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر اس کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنا دیا، میری خوش قسمتی ہے کہ آج مجھے ان کی رہنمائی میسر ہے، جس دن سے میری بطور وزیرِ اعلٰی نامزدگی ہوئی اس دن سے میاں نواز شریف نے میرے ساتھ بیٹھ کر اگلے پانچ برس کا پلان ترتیب دیا ہے اور وہ میری مکمل راہنمائی کر رہے ہیں۔
پہلی خاتون وزیرِ اعلٰی پنجاب نے کہا کہ میں قوم کے نوجوانوں، بچوں، بچیوں، بیٹوں اور بیٹیوں سے کہتی ہوں کہ اپنے والدین کی عزت کریں اور ان کی زندگی میں ان کی قدر کریں کیونکہ والدین کی دعائیں انسان کو وہاں تک پہنچا دیتی ہیں جن کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتا، میں صرف مسلم لیگ (ن) کی وزیرِ اعلٰی نہیں ہوں بلکہ پنجاب کے 12 کروڑ عوام کی وزیرِ اعلٰی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کل سے نہیں بلکہ حلف اٹھانے کے بعد آج سے ہی سیدھا اپنے دفتر جاؤں گی اور اپنے منشور پر عملدرامد کا اغاز کروں گی، عوام کے لیے ہماری ہیلپ لائنز کھلی ہوں گی تاکہ مجھے ہر پراجیکٹ کا فیڈ بیک مل سکے، ان ہیلپ لائنز کو میں خود بھی مانیٹر کروں گی اور خود بھی عوام کی کالز ریسیو کروں گی، رمضان المبارک کا مہینہ آنے والا ہے اور میں “نگہبان” کے نام سے رمضان ریلیف پیکج کا اعلان کرتی ہوں جس کے تحت 70 لاکھ مستحق لوگوں کو ان کے گھروں پر ریلیف پیکجز ڈیلیور کیا جائیں گے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی یوتھ کے لیے بلا سود قرضے، ٹریننگ، سمال بزنس لون سکیمز، لیپ ٹاپس، ائی پیڈز، پیڈ انٹرنشپس، ائی ٹی سٹارٹ ایپس، انکیوبیٹرز، الیکٹرک بائیکس اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ وزیرِ اعلٰی ہاؤس کے دروازے طلبہ کے لیے کھلے رہیں گے، ایک ماں ہونے کی حیثیت سے یہ میرا خواب ہے کہ پنجاب کا کوئی بھی بچہ وسائل کی کمی کی وجہ سے سکول سے باہر نہ رہے۔
وزیرِ اعلٰی کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر ڈسٹرکٹ میں سپیشل ایجوکیشن کا بہترین ادارہ بنایا جائے گا جس میں تمام سپیشل بچوں کیلئے علاج اور تعلیم کا بندوبست ہو گا، اگر ایسے بچوں کی بروقت تشخیص ہو جائے اور ان کا مؤثر علاج ہو جائے تو وہ بہترین زندگی گزار سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت کے شعبہ میں موثر اقدامات کیے جائیں گے اور قابل ڈاکٹرز، بہترین سہولیات اور معیاری ادویات کی دستیاب کو یقینی بنایا جائے گا، ہر ڈسٹرکٹ میں ایک سٹیٹ اف دی آرٹ ہاسپٹل ہو گا جہاں کینسر اور ٹی بی سمیت تمام اہم یونٹس موجود ہوں گے اور اج سے پنجاب کے ہاسپٹلز کی تمام ایمرجنسیز میں ادویات مفت دستیاب ہوں گی جبکہ دور دراز اور پہاڑی علاقوں کیلئے بہت جلد ایئر ایمبولنس کا آغاز کیا جائے گا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے 2015 میں پاکستان کا پہلا ہیلتھ کارڈ متعارف کرایا تھا مگر پھر گزشتہ چند برسوں میں اسے کرپشن اور اقربا پروری کیلئے استعمال کیا گیا، ہم ہیلتھ کارڈ کو ایک نئے انداز میں موثر طریقے سے جاری کریں گے، خواتین کو خصوصی ٹرانسپورٹ کارڈز دینے جائیں گے، لڑکیوں کو موٹر بائکس اور سکوٹیز دی جائیں گی، خواتین کو مردوں کی طرح قرضے بھی حاصل کرنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے جبکہ کام کرنے والی ماؤں کو ڈے کیئر سینٹرز کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔
نو منتخب وزیرِ اعلٰی پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں زچگی کے دوران اموات کی شرح بہت زیادہ ہے، میں چاہتی ہوں کہ جب ایک ماں کسی بچے کو جنم دے تو ان دونوں کی زندگیوں کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو اور اس کیلئے بہت جلد موثر اقدامات کا اعلان ہو گا، خواتین کیلئے ایک بہتر اور محفوظ پنجاب بنانا چاہتی ہوں اور اس مقصد کیلئے ایک خصوصی ہیلپ لائن بنائی جا رہی ہے جو صرف خواتین کیلئے مخصوص ہو گی، جو خواتین اپنے گھروں سے تعلیم، روزگار یا کسی دوسری ضرورت کیلئے باہر نکلتی ہیں انہیں ایک محفوظ ماحول مہیا کرنا میری ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو ہراساں کرنا مریم نواز کی ریڈ لائن ہو گی، اس پولیس آفیسر کو شاباش ہے جس نے گزشتہ روز ایک خاتون کی جان بچائی، میں انہیں اپنے دفتر بلا کر بھی شاباش دوں گی، خواتین کو مالی طور پر، سماجی طور پر اور پیشہ ورانہ طور پر با اختیار بنانے کیلئے دن رات کام کروں گی، ٹرانس جینڈرز کیلئے بھی ایک خصوصی پیکج بنایا جا رہا ہے، ان کو مین سٹریم میں لانا اور باعزت روزگار فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور اس حوالہ سے معاشرتی رویوں کو بہتر بنانا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔
مریم نواز شریف کی نے کہا کہ ہماری اقلیتیں ہمارے سر کا تاج ہیں اور اگر ہمارے سبز سفید جھنڈے میں اقلیتوں کی نمائندگی ہے تو پھر اس کی ہمارے نظام اور ہمارے دلوں میں بھی نمائندگی ہونی چاہیے، میں اقلیتوں کو نہ صرف محفوظ پنجاب دینا چاہتی ہوں بلکہ ایسے محفوظ پاکستان کا خواب دیکھتی ہوں جہاں اقلیتوں کو ڈر اور خوف کی رات نہ گزارنی پڑے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر نو منتخب وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ کامیابی صرف اللّٰه تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے جبکہ اللّٰه تعالیٰ نے انسان کے ہاتھ میں محنت، توجہ اور نیت دی ہے، میں وعدہ کرتی ہوں کہ میری محنت، توجہ اور نیت میں کوئی کمی نہیں ہو گی اور مجھے اس میں آپ سب کا ساتھ چاہیے، انشاءاللّٰه ہم ایک بہتر پنجاب بنائیں گے۔