راولپنڈی (تھرسڈے ٹائمز) — احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں سابق چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فردِ جرم عائد کر دی، ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کر دیا۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس کی سماعت ہوئی جہاں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کمرہ عدالت میں فردِ جرم پڑھ کر سنائی جبکہ فردِ جرم سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کی موجودگی میں پڑھ کر سنائی گئی۔
نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر مظفر عباسی اپنی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عمران خان کی جانب سے سلمان صفدر، عمیر نیازی اور دیگر وکلاء عدالت میں پیش ہوئے، احتساب عدالت کی جانب سے کیس کی سماعت 6 مارچ تک ملتوی کر دی گئی جبکہ آئندہ سماعت پر استغاثہ کے 5 گواہان کو بھی طلب کر لیا گیا۔