پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما ذیشان عاشق ملک کو وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ اس حوالہ سے ایوانِ وزیرِ اعلیٰ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
ذیشان عاشق ملک مسلم لیگ (ن) کے سرگرم کارکن اور مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر محترمہ مریم نواز شریف کے پولیٹیکل سیکرٹری کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں، وہ 2012 سے محترمہ مریم نواز شریف کے ہمراہ سیاسی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، انہیں 2019 میں محترمہ مریم نواز شریف کا پولیٹیکل سیکرٹری مقرر کیا گیا جبکہ بعدازاں ذیشان عاشق ملک کو مسلم لیگ (ن) کا اسسٹنٹ انفارمیشن سیکرٹری بھی تعینات کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر محترمہ مریم نواز شریف 26 فروری 2024 کو پنجاب کی وزیرِ اعلٰی منتخب ہوئیں جبکہ وہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی خاتون وزیرِ اعلٰی ہیں، محترمہ مریم نواز شریف تین بار پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہونے والے قائدِ مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کی بیٹی ہیں۔