غزہ/فلسطین (تھرسڈے ٹائمز) – اسرائیلی فضائی حملے میں حماس راہنما اسماعیل ہنیہ کے تین بیٹے اور تین پوتے شہید ہو گئے۔
مذہبی و مزاحمتی تنظیم “حماس” کی سیاسی بیورو کے چیئرمین اسماعیل ہنیہ کے تین بیٹے اور تین پوتے بدھ کے روز اسرائیلی فضائی حملہ میں جاں بحق ہوئے جبکہ 61 سالہ اسماعیل ہنیہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بیٹے (حازم، امیر، محمد) بیت المقدس کی آزادی کی جنگ میں شہید ہو گئے ہیں۔
اسماعیل ہنیہ نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بیٹوں اور پوتوں کا پاک خون یروشلم اور بیت المقدس کی آزادی پر قربان ہو گیا ہے، ہم اپنا راستہ نہیں چھوڑیں گے، میرے بیٹوں کا خون غزہ کے لوگوں سے زیادہ عزیز نہیں ہے، مجرم صفت دشمن قتل و غارت جاری رکھے ہوئے ہے اور اس نے کسی بھی معیار اور اقدار کا پاس نہیں رکھا،
یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے یہ فضائی حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب بین الاقوامی ثالث اسرائیل اور حماس کے مابین جنگ بندی کا معاہدہ کرانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔