راولپنڈی (تھرسڈے ٹائمز) — پاک فوج کی جانب سے سابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے، اعلٰی عدلیہ اور وزارتِ دفاع کے احکامات کی روشنی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
انٹر سروسز انٹلیجنس (آئی ایس آئی) کے سابق ڈی جی جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک کی درخواست پر فوج نے انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے، جنرل (ر) فیض حمید پر الزام ہے کہ انہوں نے دورانِ ملازمت ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے۔
سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف انکوائری کمیٹی کی سربراہی میجر جنرل کریں گے جبکہ انکوائری کمیٹی سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں الزامات کی تحقیقات کرے گی، اعلٰی سطحی کمیٹی الزامات کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرے گی جبکہ الزامات ثابت ہونے پر کمیٹی اپنی سفارشات بھی پیش کرے گی۔