اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — قبل از وقت ریٹائر ہونے والے سابق کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایمن بلال صفدر فوج کی ملازمت سے استعفٰی نہ دیتے تو ان کا کورٹ مارشل کر دیا جاتا، فوج کی جانب سے انہیں مستعفی ہونے یا کورٹ مارشل میں سے کسی ایک آپشن کے انتخاب کا کہا گیا تھا۔
معروف صحافی شاہد اسلم نے کہا ہے کہ سابق کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایمن بلال صفدر چند ماہ قبل فیملی کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب گئے اور وہاں ہوٹل میں کسی قریبی شخصیت سے ملاقات کے دوران انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے خلاف کچھ باتیں کیں جن کی ریکارڈنگ آرمی چیف جنرل عاصم منیر تک پہنچ گئی۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایمن بلال صفدر عمرہ ادائیگی کے بعد وطن واپس آئے تو انہیں طلب کیا گیا، فوج کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایمن بلال صفدر کو مستعفی ہونے اور کورٹ مارشل میں سے کسی ایک آپشن کے انتخاب کا کہا گیا جس کے بعد اس وقت کے کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایمن بلال صفدر نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا اور استعفٰی دے دیا۔
نامور صحافی نے بتایا ہے کہ سابق کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایمن بلال صفدر تحریکِ انصاف کے راہنماؤں عمر ایوب اور حماد اظہر کے ساتھ قریبی تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے دونوں سیاسی شخصیات کو 9 مئی کے مقدمات میں محفوظ راستہ فراہم کرنے کی کوششیں کیں جبکہ یہ بھی خیال کیا جاتا ہے کہ سابق کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایمن بلال صفدر کی وجہ سے ہی دونوں سیاسی شخصیات کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
صحافی شاہد اسلم کا کہنا ہے کہ قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے والے سابق کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایمن بلال صفدر پر کور کمانڈر منگلا کے گھر کی دوبارہ تعمیر کے دوران 24 سے 25 کروڑ روپے کے غبن کا بھی الزام ہے، لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایمن بلال صفدر کے جنرل آصف غفور اور سابق کور کمانڈر لاہور سلمان فیاض غنی سے بھی اچھے تعلقات ہیں۔
ایک اور معروف صحافی سعید چودھری نے انکشاف کیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے اپنی ریٹائرمنٹ کے وقت لیفٹیننٹ جنرلز کی کچھ آسامیاں خالی چھوڑ دی تھیں تاکہ نئے آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اپنی ٹیم خود تشکیل دے سکیں تاہم جنرل عاصم منیر کے آرمی چیف بننے سے قبل سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے چند میجر جنرلز کو قبل از وقت ترقی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سابق کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایمن بلال صفدر بھی انھی قبل از وقت ترقی حاصل کرنے والوں میں شامل تھے جنہیں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل لیفٹیننٹ جنرل بنا دیا تھا۔