اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے قرآن کریم کی قسم اٹھا کر کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو گرانے کیلئے امریکہ کے ساتھ مل کر سازش کرنے کے الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں، امریکی سازش کے ایسے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
معروف صحافی مجیب الرحمٰن شامی نے انکشاف کیا ہے کہ جنرل (ر) رحیم الدین کے پوتے کی شادی کی تقریب میں ان کی سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے ملاقات ہوئی اور اس ملاقات میں ایک اور نامور صحافی محمد مالک بھی موجود تھے جبکہ اس ملاقات کے دوران جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے شکوہ کیا کہ اخبار نویس ان کے بارے میں ایسی باتیں شائع کر رہے ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
مجیب الرحمٰن شامی کے مطابق جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے اس ملاقات کے دوران قرآن کریم پر ہاتھ رکھ کر قسم کھائی، اپنی والدہ کی قبر کی بھی قسم کھائی اور پھر یہ بھی کہا کہ اگر میں غلط بیانی کروں تو مجھے رسول اللّٰهﷺ کی شفاعت نصیب نہ ہو، سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے یہ قسمیں کھا کر تین باتیں بیان کیں۔
جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے لاہور سے لندن جانے میں میرا کوئی کردار نہیں تھا، میں نے نواز شریف کو پاکستان سے باہر نہیں بھجوایا تھا، میں اس نواز شریف کے باہر جانے کے معاملہ میں مکمل طور پر بری الذمہ ہوں۔
سابق آرمی چیف نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کے خاتمہ کے حوالہ سے یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ اس کیلئے میں نے امریکہ کے ساتھ مل کر کوئی سازش کی تھی، میں ایسے ہر الزام کی مکمل تردید کرتا ہوں، عمران خان کی حکومت گرانے میں میری اور امریکہ کی کوئی سازش نہیں تھی، ایسے تمام الزامات جھوٹے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ایکسٹینشن کی کوئی خواہش ظاہر نہیں کی تھی، میں نے اپنی مدتِ ملازمت میں توسیع کیلئے کوئی تقاضا نہیں کیا تھا، میں نے ایکسٹینشن کیلئے کسی کو مجبور نہیں کیا تھا، میرے بارے میں یہ الزام غلط ہے کہ میں نے اپنی مدتِ ملازمت میں توسیع کیلئے کسی کو مجبور کیا۔
صحافی مجیب الرحمٰن شامی کے مطابق سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ان کے بارے میں جھوٹ بولا جا رہا ہے، غلط الزامات لگائے جا رہے ہیں اور یہ کہ جس کے منہ میں جو آتا ہے وہ بول دیتا ہے حالانکہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے