سیالکوٹ (تھرسڈے ٹائمز) — وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست ’’بےایمانی تیرا ہی آسرا‘‘ پر قائم ہے، عمران خان وقت آنے پر ہر چیز سے مُکر جاتا ہے اور ہر موقع پر ایک نیا چورن بیچ رہا ہوتا ہے، عمران خان وقت آنے پر سیاسی ولدیت بھی بدل لیتا ہے۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست اور اس کے بیانات تضادات کا مجموعہ ہیں، عمران خان کی سیاست کسی اصول پر نہیں بلکہ ’’بےایمانی تیرا ہی آسرا‘‘ پر قائم ہے اور عمران خان وقت آنے پر ہر چیز سے مُکر جاتا ہے، جب عمران خان کا اپنا مفاد تھا تب یہ لوگ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو اپنا باپ کہتے تھے مگر پھر بعد میں عمران خان نے سیاسی ولدیت بدل لی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جب عمران خان قومی اسمبلی میں بیٹھتا تھا تو میں اسے براہِ راست شرم و حیا دلانے کی کوششیں کرتا تھا، اب اسے بِالواسطہ شرم و حیا دلانے کی کوشش بھی کر لیتا ہوں، تحریکِ انصاف وہی جماعت ہے اور اس کی قیادت وہی لوگ کر رہے ہیں جنہوں نے فوج کے اندر سے ریاست کے خلاف بغاوت کروانے کی کوشش کی اور اب یہ لوگ مذاکرات بھی اسی فوج کے ساتھ ہی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی 2023 ایک ایسا دن تھا جب پاکستان کی ریڈ لائن کو کراس کیا گیا اور پاکستان کی اساس پر حملہ کیا گیا، ایک سیاسی جماعت اور اس کی قیادت نے منصوبہ بندی کے ساتھ اپنے ٹارگٹس پر حملہ کیا جس کی ویڈیوز میڈیا نے بھی دکھائی ہیں، یہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف ایک بہت بڑی سازش تھی، یہ افواجِ پاکستان کے اندر بغاوت کیلئے سازش تھی، تاریخ میں پاکستان کے اندر سے اتنی بڑی بغاوت کی اس سے پہلے کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔
وفاقی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس 9 مئی سے لے کر اب تک تحریکِ انصاف کا کردار دیکھیں کہ جس امریکہ کیلئے ’’غلامی نامنظور‘‘ کے نعرے لگاتے تھے اسی امریکہ کی لابنگ فرمز کو رقوم دے کر اسی امریکہ کی منت سماجت اور ترلے کیے جا رہے ہیں، وہ تمام نعرے غائب ہو چکے ہیں جو گزشتہ 9 مئی سے پہلے لگائے جا رہے تھے، اب بات نعروں سے ترلے اور منتوں پر آ چکی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سیاسی کارکن وہ ہوتا ہے جو حوصلہ سے کام لیتا ہے، وہ وقت آنے پر اپنی قیادت کا ساتھ نہیں چھوڑتا، وہ اپنی سیاسی ولدیت بھول نہیں جاتا، جن لوگوں نے 9 مئی کے بعد ٹیلی ویژن پر بیٹھ کر معافیاں مانگیں انہیں سب نے دیکھا، جنہوں نے 9 مئی کو پاکستان سے دشمنی نبھائی ان کو عدالتوں سے قانون کے مطابق سزائیں ملیں گی، وہ قانون کی زد سے بچ نہیں سکتے۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان ہر موقع پر ایک نیا چورن بیچ رہا ہوتا ہے، تحریکِ انصاف نے اسی اچکزئی کو ووٹ دیا جس کا عمران خان چادر اوڑھ کر مذاق اڑایا کرتا تھا، عمران خان نے مولانا فضل الرحمٰن کے بارے میں کیا کچھ نہیں کہا جبکہ آج یہ لوگ اسی مولانا فضل الرحمٰن سے بات چیت کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔