پھول نگر/قصور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ یہاں ایک ایسے شخص کی حکومت بھی رہی جو کہتا تھا کہ میں آلو پیاز ٹماٹر کی قیمتیں پتہ کرنے نہیں آیا لیکن میں آپ کی وزیرِ اعلٰی آپ کو کہتی ہوں کہ آپ کیلئے آلو ٹماٹر پیاز میری ذمہ داری ہیں، نواز آلو پیاز ٹماٹر کی قیمتیں نہ صرف پتہ کرنے بلکہ انہیں کم کرنے آئی ہے۔
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی مجھے وزیرِ اعلٰی بنے صرف دو ماہ ہوئے ہیں، دوسرے لوگ اتنے عرصہ میں صرف وعدے کر رہے ہوتے ہیں لیکن اللّٰه تعالٰی کے فضل و کرم سے مریم نواز شریف نے صرف دو ماہ میں نیا ہاسپٹل بنا دیا ہے اور آئندہ چند ماہ میں پنجاب کے تمام ہاسپٹلز کو تبدیل کر دیں گے، جہاں ڈاکٹرز اور نرسز کی کمی ہے ان کو پورا کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کی تاریخ میں پہلی خاتون وزیرِ اعلٰی مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے کنٹینرز میں فیلڈ ہاسپٹلز بنا کر پورے پنجاب میں بھیج دیئے ہیں، گاؤں میں عوام کی دہلیز پر فیلڈ ہاسپٹل اور کلینکس آن وہیل جا کر علاج کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، ابھی صرف کل کے دن اسی ذریعہ سے تیس ہزار لوگوں کو علاج کی سہولت میسر ہوئی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ روٹی پچیس روپے سے سستی ہو کر پندرہ روپے پر آ گئی ہے اور یہ اس لیے ہوا ہے کیونکہ نواز شریف کا وعدہ تھا کہ ہم اقتدار میں آ کر لوگوں کیلئے مہنگائی کم کریں گے اور اللّٰه کے فضل سے صرف دو ماہ میں روٹی کی قیمت کم ہو گئی ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ گندم خریدنے میں کرپشن کے جو انبار تھے اب ہم نے وہ راستہ بند کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان اور پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا کسان پیکج لانے جا رہے ہیں، آئندہ چار مہینے میں کسانوں کیلئے چار سو بلین کا پیکج شروع کر رہے ہیں اور انشاءاللّٰه جب اگلی فصل کا وقت آئے گا تو پنجاب کے کسان سے زیادہ اور کوئی کسان خوشحال نہیں ہو گا، کسان کو کسان کارڈ کے ذریعہ پیسے ملیں گے تاکہ وہ کھاد اور بیج خرید سکے اور اس کو پھر قرضہ نہیں لینا پڑے گا۔
وزیرِ اعلٰی پنجاب نے کہا کہ صبح سات بجے سے لے کر رات 1 بجے تک ہم صحت، تعلیم اور دیگر منصوبوں کیلئے کام کر رہے ہیں تاکہ عوام کو اور ان بچوں کو تعلیم اور صحت کی سہولیات میسر ہو سکیں، پنجاب کی تمام سڑکوں کو بنانے اور بہتر کرنے پر کام ہو رہا ہے اور انشاءاللّٰه پانچ برس کے بعد پنجاب کی کوئی سڑک ٹوٹی ہوئی نہ رہے گی۔
محترمہ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہیپا ٹائٹس، ٹی بی اور دل کے مریضوں کیلئے ادویات ان کے گھروں پر مہیا کی جا رہی ہیں، فی الوقت وقت میری سب سے زیادہ توجہ صحت اور تعلیم کے شعبوں پر کام پر مرکوز ہے کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ سہولیات عوام کے گھروں کی دہلیز تک پہنچیں۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ گھر سے نکلتے ہوئے مجھے میاں نواز شریف کی ایک ہی ہدایت ہوتی ہے کہ لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرو اور غریب کی خدمت کرو، لوگ برسوں بعد آ کر کہتے ہیں کہ ہم یہ کام کریں گے لیکن الحمدللّٰه ہم نے صرف دو ماہ میں پراجیکٹس شروع کر دیئے ہیں بلکہ ان میں سے کچھ پورے بھی ہو چکے ہیں۔
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اپنے ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی سے درخواست ہے کہ پولیس والوں کی سفارشیں کرنا چھوڑ دیں کہ فلاں کو یہاں وہاں پوسٹنگ کر دیں کیونکہ جب سیاسی بنیادوں پر پولیس کی پوسٹنگز ہوں گی تو پھر پولیس پرفارم نہیں کر سکتی اور مجھے سیاسی مفاد سے زیادہ پنجاب کے عوام کا مفاد عزیز ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ جب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت آتی ہے تو خدمت اور ترقی کا سفر شروع ہوتا ہے اور پھر کوئی نہ کوئی سازش کر کے بہانہ بنا کر حکومت ختم کر دی جاتی ہے، ایسا کر کے نواز شریف کی حکومت ختم نہیں ہوتی بلکہ پاکستان کی ترقی کا سفر ختم ہو جاتا ہے، اگر مرکز اور پنجاب میں نواز شریف کی یہ حکومتیں آئینی وقت پورا کر گئیں تو انشاءاللّٰه پاکستان اور پنجاب ایک بدلہ ہوا ملک اور صوبہ ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز آلو پیاز ٹماٹر کی قیمتیں نہ صرف پتہ کرنے بلکہ انہیں کم کرنے آئی ہے، یہاں ایک ایسے شخص کی حکومت بھی رہی جو کہتا تھا کہ میں آلو پیاز ٹماٹر کی قیمتیں پتہ کرنے نہیں آیا لیکن میں آپ کی وزیرِ اعلٰی آپ کو کہتی ہوں کہ آپ کیلئے آلو ٹماٹر پیاز سبزی میری ذمہ داری ہے، جب میں وزیرِ اعلٰی بنی تو پیاز تین سو روپے کلو سے زیادہ تھا اور آج سو روپے کلو سے نیچے آ چکا ہے۔