لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا قائم مقام صدر نامزد کر دیا گیا، مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس 28 مئی کو منعقد ہو گا جس میں میاں نواز شریف کو جماعت کا صدر منتخب کیا جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا جس میں مسلم لیگ (ن) کے سپریم لیڈر و سابق وزیراعظم میاں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیرِ خارجہ و ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، رانا ثناء اللّٰہ، طلال چوہدری اور دیگر راہنما شریک ہوئے۔
اجلاس میں جماعت کے سینئر راہنماؤں کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو مسلم لیگ (ن) کا قائم مقام صدر نامزد کیا گیا ہے جس کی دیگر اراکین کی جانب سے تائید کی گئی، وزیراعظم شہباز شریف 28 مئی تک پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر رہیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس 28 مئی کو منعقد ہو گا، یومِ تکبیر کے موقع پر سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب کیا جائے گا، سینٹرل ورکنگ کمیٹی کی طرف سے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی توثیق سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور حتمی منظوری جنرل کونسل اجلاس میں دی جائے گی۔