دی ہیگ/نیدرلینڈز (تھرسڈے ٹائمز) — عالمی عدالتِ انصاف نے اسرائیل کو فوری طور پر رفاہ میں فوجی کارروائی روکنے کا حکم دے دیا۔
انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی سی) نے جنوبی افریقہ کی جانب سے رفاہ میں فوجی آپریشن روکنے کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اسرائیل کو فوری طور پر فوجی کارروائی روکنے کا حکم دے دیا ہے۔
عالمی عدالتِ انصاف کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی کارروائی کی وجہ سے قیمتی جانوں کا نقصان ہوا اور 8 لاکھ افراد بےگھر ہوئے، اسرائیلی اقدامات سے فلسطینی عوام کو شدید خطرات لاحق ہیں، اسرائیل کو فوری طور پر فوجی حملہ روکنا چاہیے اور کوئی بھی ایسی کارروائی نہیں کرنی چاہیے جس سے غزہ میں رہنے والوں کیلئے مکمل یا جزوی تباہی کا باعث بننے والے حالات پیدا ہوں۔
انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی سی) نے اسرائیل کو حکم دیا ہے کہ وہ نسل کشی کے حوالہ سے تحقیقات کیلئے بین الاقوامی تفتیش کاروں کو غزہ پٹی تک کسی رکاوٹ کے بغیر رسائی فراہم کرے اور فوری طور پر درکار بنیادی سروسز اور انسانی امداد کی فراہمی کیلئے کسی روک ٹوک کے بغیر رفاہ کراسنگ کھول دے۔
عالمی عدالتِ انصاف کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو 28 مارچ کو غزہ میں انسانی بحران کے خاتمہ کیلئے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا مگر اس کے بعد غزہ کی صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے۔