لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مسلسل تیسری بار عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
تین بار پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہونے والے میاں محمد نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مسلسل تیسری مرتبہ عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
My warm felicitations to Modi Ji (@narendramodi) on assuming office for the third time. Your party's success in recent elections reflects the confidence of the people in your leadership. Let us replace hate with hope and seize the oppurtunity to shape the destiny of the two…
— Nawaz Sharif (@NawazSharifMNS) June 10, 2024
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انڈیا میں منعقد ہونے والے حالیہ انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی کامیابی بھارتی عوام کی جانب سے نریندر مودی کی قیادت پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
میاں نواز شریف نے بھارتی وزیراعظم کو نفرتیں ختم کرنے اور خطہ کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں نفرت کو امید سے بدل دیتے ہیں اور جنوبی ایشیاء کے دو ارب لوگوں کی تقدیر سنوارنے کیلئے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں۔
اس سے قبل وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں بھارتی ہم منصب کو مسلسل تیسری بار وزارتِ عظمٰی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
یاد رہے کہ انڈیا میں منعقد ہونے والے حالیہ انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے مسلسل تیسری بار کامیابی حاصل کرنے کے بعد اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر نریندر مودی کو ایک بار پھر وزیراعظم منتخب کر لیا ہے۔