اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہو گی کہ عمران خان جیل میں ہی رہیں کیونکہ پاکستان کیلئے یہی بہتر ہے، عمران خان کا ایجنڈا پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور فتنہ و فساد پھیلانے کا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان جیل سے رہا ہو بھی جائیں تو کوئی قیامت نہیں آ جائے گی، دو چار دن تک ریلی یا جلسہ ہو جائے گا جس سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں تاہم پاکستان کیلئے بہتر یہی ہے کہ عمران خان جیل میں رہیں، اللّٰه ہر چیز پر قادر ہے، ہم جو بات کل کرتے تھے آج بھی وہی کرتے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔
رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کا بیانیہ اور ایجنڈا پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور فتنہ و فساد پھیلانے کا ہے لہذا حکومت کی کوشش ہو گی کہ عمران خان جیل میں رہیں کیونکہ پاکستان کیلئے یہی بہتر ہے، عمران خان سیاستدان بنیں اور جمہوری راستہ اختیار کریں تو ہمیں ان کی ذات سے کوئی مسئلہ نہیں مگر عمران خان سیاستدان نہیں ہیں، عمران خان ایک فاشسٹ ہے جو جمہوریت اور بات چیت پر کوئی یقین نہیں رکھتا۔
راہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عمران خان کو آئین و قانون کے مطابق جیل میں رکھا جائے گا، اس سے قبل بھی انہیں آئین و قانون کے مطابق جیل میں رکھا گیا ہے، ہم نے کوئی اپنی عدالتیں بنا کر انہیں جیل میں نہیں رکھا، مینڈیٹ سب کو ملا ہے لیکن کسی کو ملک میں فتنہ و فساد اور افراتفری پھیلانے اور ملک کو نقصان پہنچانے کا مینڈیٹ نہیں ملا ہوا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ مقدمات میاں نواز شریف، شہباز شریف اور ہم سب کے خلاف بھی بنے تھے، ہم تمام زندگی جمہوریت کیلئے جدوجہد کرتے رہے ہیں، ہم بات چیت پر یقین رکھتے ہیں اور کسی سے بھی مذاکرات کیلئے تیار ہیں مگر عمران خان فسطائیت پر یقین رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے علاوہ باقی تمام سیاسی جماعتوں کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کا کہنا تھا کہ عمران خان جب حکومت میں تھے تو انہوں نے ہمیں جھوٹے مقدمات میں قید کیے رکھا اور اسٹیبلشمنٹ سے کہا کہ وہ اپوزیشن کو مکمل طور پر ختم کر دے مگر اسٹیبلشمنٹ اس بات پر راضی نہیں پوئی تو عمران خان نے انہیں میر جعفر اور میر صادق کہنا شروع کر دیا، عمران خان نے ہمیں چور ڈاکو کہا اور یہ مؤقف اپنایا کہ چوکیدار کو چاہیے کہ وہ ہمیں گولی مار دے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں، عمران خان نے محمود خان اچکزئی کو مذاکرات کیلئے چنا ہے تو ہم محمود خان اچکزئی سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں، ہمارے لیے محمود اچکزئی قابلِ احترام ہیں مگر انہوں نے جب کوئی بات کہی تو عمران خان خود ہی انہیں سائیڈ پر کر دیں گے، عمران خان محمود اچکزئی کی بات کو تسلیم نہیں کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر معاملہ کسی طور حل ہونا ہے تو اس کا واحد راستہ جمہوریت اور بات چیت میں ہے، اگر انہوں نے انقلاب لانا ہے تو وہ پارلیمنٹ میں گھنٹوں تقریریں کرنے اور روزانہ ٹاک شوز کرنے سے نہیں آنا بلکہ اس کیلئے انقلابی جدوجہد کرنا ہو گی لہذا پھر جائیں اور جدوجہد کریں۔