لاہور (تھرسڈے ٹائمز — سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی عوام کو مہنگائی اور بھاری بِلز سے نجات دلائے گی، ملکی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے جو بھی کرنا پڑا وہ کریں گے۔
صدرِ پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کی زیرِ صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس لاہور میں ماڈل ٹاؤن مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف سمیت جماعت کے اہم راہنما شریک ہوئے۔
اس موقع پر قائدِ مسلم لیگ نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان میں وہ واحد جماعت ہے جو مشکل ترین حالات میں عوام کو ریلیف دینا جانتی ہے، ہماری ترجیح ملکی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے اور اس کیلئے ہمیں جو کچھ بھی کرنا پڑا وہ کریں گے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی (پاکستان تحریکِ انصاف) کی ناقص پالیسیز نے پاکستان کو بجلی کے بھاری بِلز اور مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا، ایسا کب تک ہوتا رہے گا کہ ہم کام کریں اور دوسرا کوئی آ کر پاکستان کی ترقی کو روک دے اور غلط فیصلوں سے ملکی ترقی و خوشحالی کو روند ڈالے؟
مسلم لیگ کے سپریم لیڈر نواز شریف نے کہا کہ بجلی کے بھاری بِلز سے نجات اور ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے جو بھی کرنا پڑا وہ کریں گے، گھریلو صارفین کے بعد صنعتی صارفین کیلئے بھی ریلیف تلاش کر رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی عوام کو مہنگائی اور بھاری بِلز سے نجات دلائے گی۔