راولپنڈی (تھرسڈے ٹائمز) — لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) کا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) تعینات کر دیا گیا، 30 ستمبر کو ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو نیا ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ وہ آئی ایس آئی کے نئے سربراہ کے طور پر 30 ستمبر کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک ابھی جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ایڈجوٹینٹ جنرل کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرلحمد عاصم ملک اس سے پہلے بلوچستان میں انفنٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کمانڈ کر چکے ہیں جبکہ وہ اپنے کورس میں اعزازی شمشیر بھی حاصل کر چکے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک چیف انسٹرکٹر این ڈی یو اور انسٹرکٹر کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ بھی تعینات رہ چکے ہیں جبکہ وہ فورٹ لیون ورتھ اور رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز کے گریجویٹ بھی ہیں۔
یاد رہے کہ انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) کے موجودہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو 6 اکتوبر 2021 کو عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔