اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے لیے دوسرا گھر ہے، دونوں ممالک کے درمیان مذہبی اور روحانی تعلقات قائم ہیں، تجارت بڑھانے کیلئے جغرافیائی قربت کا فائدہ اٹھانا چاہیے، ہم پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے پُرعزم ہیں، تجارتی حجم میں اضافہ بڑھتی اقتصادی شراکت داری کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاک سعودی عرب دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ چکے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطٰی اور جنوبی ایشیاء کے خطوں میں ترقی کے وسیع امکانات ہیں، علاقائی خوشحالی کے ہدف کے حصول کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے، پاکستان ہمارے لیے دوسرا گھر ہے اور پاک سعودی بزنس فورم تاجر برادری کے درمیان رابطہ کے حوالے سے اہم ہے، دونوں ممالک کے تعلقات کی طویل تاریخ ہے، دونوں ممالک کے درمیان مذہبی اور روحانی تعلقات قائم ہیں۔
سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا ہے کہ تجارت بڑھانے کیلئے جغرافیائی قربت کا فائدہ اٹھانا چاہیے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون انتہائی اہم ہے، دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا وہاں کی ترقی میں اہم کردار ہے، ہم پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے پُرعزم ہیں، آج 27 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
خالد بن عبدالعزیز الفالح کا کہنا تھا کہ مفاہمتی یادداشتیں دوطرفہ اقتصادی تعاون میں اہم سنگِ میل ہیں، یہ معاہدے تجارت و سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہیں، دوطرفہ تجارت کے فروغ میں سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں، تجارتی حجم میں اضافہ بڑھتی اقتصادی شراکت داری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
سعودی وزیرِ سرمایہ کاری نے کہا کہ پاک سعودی عرب دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ چکے ہیں، دو طرفہ تعاون تجارت سے بڑھ کر دفاع و تعلیم اور ثقافت تک پھیلا ہوا ہے، ہماری قوموں کے درمیان علم و ہنر اور مہارت کا تبادلہ جدت اور ترقی کو فروغ دے گا، پاکستان اور سعودی عرب سٹرٹیجک شراکت دار ہیں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ہماری ملاقات نتیجہ خیز رہی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں ایک اعلٰی سطح کا سعودی وفد 3 روزہ دورے پر گزشتہ روز اسلام آبادد پہنچا جبکہ وفد میں سعودی عرب کی تعمیراتی، انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، خوراک اور پیٹرولیم کی کمپنیز کے نمائندے شامل ہیں۔ اس اہم دورہ کے دوران سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرز سرمایہ کاری کے معاہدوں کو حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے، وزیراعظم شہباز شریف سعودی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔