اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف بہت سنجیدہ نوعیت کے مقدمات اور چارجز ہیں، عمران خان کو بنی گالا منتقل کرنے یا پھر باہر بھیجنے کی کوئی بھی آفر نہیں دی گئی، عمران خان کی ساری سیاست جھوٹ پر کھڑی ہے، عمران خان کی رہائی کیلئے ساری آوازیں امریکا اور برطانیہ سے آ رہی ہیں جہاں پر صیہونی اثر و رسوخ بہت زیادہ ہے، وہ سب اسرائیل کے حامی ہیں، باہر سے عمران خان کی حمایت کرنے والے عناصر کسی لابی کا حصہ ہیں یا پھر لابیز انہیں فنڈز فراہم کر رہی ہیں یا پھر ان کے پیچھے کوئی مافیا کام کر رہا ہے۔
عمران خان کے خلاف بہت سنجیدہ نوعیت کے مقدمات ہیں
وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے ایک نجی نیوز چینل کے پروگرام میں معروف جرنلسٹ طلعت حسین کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف بہت سنجیدہ نوعیت کے مقدمات اور چارجز ہیں، عمران خان کو باہر سے جتنی بھی سپورٹ مل رہی ہے اس سب کے باوجود عمران خان کو نہ کوئی آفر دی گئی ہے اور نہ ہی ایسا کوئی فیصلہ ہوا ہے، عمران خان کو پاکستان سے باہر جانے دینا کوئی اچھا فیصلہ نہیں ہو گا۔
عمران خان کو بنی گالا منتقل کرنے یا باہر بھیجنے کی کوئی آفر نہیں دی گئی
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جو لوگ حکومت کی عمران خان کے ساتھ ڈیل جیسی باتیں پھیلا رہے ہیں وہ سب جھوٹ بول رہے ہیں کیونکہ درحقیقت ڈیل انھی لوگوں کی اپنی خواہش ہے، عمران خان کو بنی گالا منتقل کرنے یا پھر باہر بھیجنے کی کوئی بھی آفر نہیں دی گئی، یہ سارا بیانیہ ہی جھوٹ پر مبنی ہے، جھوٹ بولنا تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی روایت رہی ہے، یہ لوگ ہمیشہ سے جھوٹ کا سہارا لیتے رہے ہیں۔
عمران خان کی ساری سیاست جھوٹ پر کھڑی ہے
وزیرِ دفاع نے کہا ہے کہ عمران خان کی ساری سیاست جھوٹ پر کھڑی ہے اور جھوٹ کبھی نہ کبھی ضرور بےنقاب ہوتا ہے، پی ٹی آئی (پاکستان تحریکِ انصاف) کے لوگوں نے خود ہمیں بتایا ہے کہ عمران خان بحثیت وزیراعظم روزانہ اپنے کابینہ ارکان اور ایم این ایز (ارکانِ قومی اسمبلی) کو دو تین گھنٹوں تک جھوٹ بولنے اور چور چور کا شور مچانے اور دوسروں کو گالیاں دینے کی تلقین کیا کرتے تھے۔
سانحہ 9 مئی میں ملوث جن مجرمان کو رہا کیا گیا انہوں نے تحریری طور پر معافیاں مانگی تھیں
خواجہ آصف نے سانحہ 9 مئی میں ملوث 19 مجرمان کیلئے معافی کے اعلان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کو رہا کیا گیا ہے ان کی سزائیں ختم ہونے میں کچھ ماہ باقی رہ گئے تھے اور انہوں نے خود تحریری طور پر معافیاں مانگ کر رہائی کیلئے درخواستیں دی تھیں، یہ فیصلہ حکومت کی طرف سے ایک اچھا پیغام ہے، معافیاں مانگ کر رہائی حاصل کرنا اور پھر ویڈیوز بنا کر وہی باتیں کرنا دو نمبری ہے۔
عمران خان کی رہائی کیلئے ساری آوازیں امریکا اور برطانیہ سے آ رہی ہیں
وفاقی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی کیلئے ساری آوازیں امریکا اور برطانیہ سے آ رہی ہیں جہاں پر صیہونی اثر و رسوخ بہت زیادہ ہے حتیٰ کہ وہاں صیہونیت کے حق میں کتابیں بھی لکھی گئی ہیں، وہ سب اسرائیل کے حامی لوگ ہیں، برطانیہ میں عمران خان کے پرانے رشتہ دار بھی اپنا اثر و رسوخ استعمال کر رہے ہیں، یہ سب کچھ انویسٹمنٹ کے طور پر کیا جا رہا ہے۔
عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے تمام لوگ اسرائیل کے حامی ہیں
راہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ آصف نے کہا کہ کچھ ممالک کی حکومتوں میں شامل جو لوگ عمران خان کی حمایت کر رہے ہیں وہ خود کسی لابی کا حصہ ہیں یا پھر لابیز انہیں فنڈز فراہم کر رہی ہیں یا پھر ان کے پیچھے کوئی مافیا کام کر رہا ہے، عمران خان ہر موقع پر بیان دیتے ہیں لیکن کبھی غزہ میں ہونے والے قتلِ عام کی کھل کر مخالفت اور مذمت نہیں کی، عمران خان نے کبھی صیہونی کا لفظ استعمال کر کے واضح تنقید نہیں کی، محض زبانی جمع خرچ کیلئے اِکّا دُکّا بیان دیئے گئے ہیں۔
عمران خان نے براہِ راست پاکستان کے دفاع پر ہاتھ ڈالا ہے
وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے براہِ راست پاکستان کے دفاع پر ہاتھ ڈالا ہے اور ریاست کو چیلنج کیا ہے، عمران خان کا سیاست میں اتنا اوپر آنا پاکستان کی بدقسمتی ہے، جن لوگوں نے عمران خان کو بنایا وہ آج خود بھی rogue بن چکے ہیں۔