چنائی، تامل ناڈو (تھرسڈے ٹائمز) — بھارتی اخبار ’’دی ہندو‘‘ کے مطابق پاکستان نیوی نے بحیرہ عرب میں پھنسے ہوئے بھارتی آف شور ٹگ اینڈ سپلائی جہاز ”ایم وی گوتم“ کے عملہ کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کی جبکہ بھارتی جہاز عمان سے بھارت جاتے ہوئے ٹیکنیکل اور مکینیکل خرابی کا شکار ہو گیا تھا۔
دی ہندو کے مطابق یہ امدادی کارروائی ممبئی میں قائم ”میری ٹائم ریسکیو اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر“ کی جانب سے پاکستانی حکام سے رابطے اور تعاون کی درخواست کے بعد شروع کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق جہاز کے عملہ میں 6 بھارتی شہری اور ایک انڈونیشین باشندہ شامل تھا۔
پاکستان نیوی کو اِس آپریشن میں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی معاونت حاصل رہی۔ بھارتی اخبار ’’دی ہندو‘‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ”ایم وی گوتم“ نے سمندر میں تکنیکی خرابی کی اطلاع دی تھی جس کے بعد پاکستانی حکام نے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کر دی۔
بحیرہ عرب میں پھنسے ہوئے بھارتی عملے کو خوراک، طبی امداد اور تکنیکی معاونت فراہم کی گئی جبکہ جہاز کو مزید امداد فراہم کرنے کی کوششیں جاری رہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ کارروائی خالصتاً انسانی بنیادوں پر کی گئی جس کا مقصد سمندر میں پھنسے عملے کی حفاظت اور فوری ضروریات کو پورا کرنا تھا۔
1/3
Humanitarian gesture in the Arabian Sea!Pakistan Navy & Maritime Security Agency respond to SOS from Indian ship MV Gautam and successfully assist stranded crew.
Video of the operation below 👇 #PakistanNavy #India #Pakistan pic.twitter.com/Y2MJ35WcWP
— The Thursday Times (@thursday_times) May 5, 2026
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی اور سفارتی تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔ تاہم سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کا اصول سرحدوں، سیاست اور کشیدگی سے بالاتر سمجھا جاتا ہے۔ اِس آپریشن نے ایک بار پھر ظاہر کیا ہے کہ بحری سلامتی میں انسانی ہمدردی بنیادی ترجیح رہتی ہے۔
دی ہندو نے اپنی رپورٹ میں بیان کیا ہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان نیوی نے بحیرہ عرب میں ایک تجارتی جہاز سے ”ڈِسٹریس کال“ موصول ہونے کے بعد عملے کے 18 ارکان کو ریسکیو کیا تھا جن میں غیر ملکی شہری بھی شامل تھے۔
پاکستان نیوی کی تازہ کارروائی کو خطہ میں میری ٹائم ریسکیو تعاون کی ایک اہم مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جہاں ایک بھارتی جہاز کی مدد کیلئے پاکستان نے بروقت انسانی، طبی اور تکنیکی معاونت فراہم کی۔







