عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کیس کا فیصلہ سنا دیا، عمران خان کو 14 برس اور بشریٰ بی بی کو 7 برس قید کی سزا

احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس کا فیصلہ سنا دیا، سابق وزیراعظم عمران خان کو کرپٹ پریکٹس پر 14 برس قید اور 10 لاکھ جرمانے کی سزا جبکہ بشریٰ بی بی کو 7 برس قید اور 5 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے، القادر یونیورسٹی سرکاری تحویل میں دینے کا حکم

راولپنڈی (تھرسڈے ٹائمز) — سابق وزیراعظم عمران خان کو 14 برس قید اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 برس قید کی سزا، احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس (القادر ٹرسٹ کیس) کا فیصلہ سنا دیا، بشریٰ بی بی کمرہِ عدالت سے گرفتار

احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں کرپٹ پریکٹس پر سابق وزیراعظم عمران خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 14 برس قید اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو مجرمہ قرار دیتے ہوئے 7 برس قید کی سزا سنا دی، عدالت کی جانب سے عمران خان کو 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی کو 5 لاکھ جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی ہے جبکہ القادر یونیورسٹی کو سرکاری تحویل میں دینے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

عدالت کی جانب سے فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں عمران خان کو مزید 6 ماہ جبکہ بشریٰ بی بی کو مزید 3 ماہ قید کی سزا بھگتنا پڑے گی، احتساب عدالت کے جج نے فیصلہ سنانے کے بعد مجرمہ بشریٰ بی بی کی سزا کا وارنٹ جیل انتظامیہ کو بھیج دیا جس میں کہا گیا ہے کہ مجرمہ بشریٰ بی بی کو نیب کے سیکشن 10 اے کے تحت 7 سال قیل قید کی سزا کا حکم سنایا گیا ہے جبکہ 5 لاکھ روپے جرمانہ اور عدم ادائیگی پر مزید 3 ماہ قید کی سزا بھگتنا ہو گی۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس کا فیصلہ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے سنایا جبکہ اس موقع پر سابق چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان، بشریٰ بی بی، وکلاء ٹیم، عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان، راہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور صحافیوں کی بڑی تعداد کمرہِ عدالت میں موجود تھی، نیب پراسیکیوشن ٹیم کے 3 ارکان بھی اڈیالہ جیل میں تھے جبکہ تفتیشی افسر ڈپٹی ڈائریکٹر نیب میاں عمر ندیم بھی اڈیالہ جیل کی عدالت پہنچ گئے تھے۔

واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس کا فیصلہ ایک برس کے عرصہ پر محیط ٹرائل کے بعد 18 دسمبر 2024 کو محفوظ کیا گیا جس کو ابتدائی طور پر 23 دسمبر کو سنایا جانا تھا تاہم پھر عدالت نے چھٹیوں اور کورس کے باعث سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیس کا فیصلہ 6 جنوری 2025 کو سنایا جائے گا۔

القادر ٹرسٹ کرپشن کیس کا فیصلہ 6 جنوری کو بھی نہ سنایا جا سکا اور ایک بار پھر مؤخر کر دیا گیا، عدالت کی جانب سے فیصلہ سنانے کیلئے 13 جنوری کی تاریخ دی گئی تاہم 13 جنوری کو بھی فیصلہ نہ سنایا جا سکا، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید 9 بجے سے کمرہِ عدالت میں موجود تھے تاہم عمران خان، بشریٰ بی بی اور ان کے وکلاء کمرہِ عدالت میں نہ پہنچے تھے۔

احتساب عدالت اسلام آباد کی جانب سے 14 جنوری کو جاری کیے گئے تحریری فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ریفرنس کا فیصلہ اب 17 جنوری کو سنایا جائے گا اور آئندہ تاریخ پر ملزمان (عمران خان اور بشریٰ بی بی) اور متعلقہ افراد بروقت حاضری یقینی بنائیں۔

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

More from The Thursday Times

error: