آج پی ڈی ایم کی وفاقی حکومت کو قائم ہوئے دس مہینے سے زیادہ کا عرصہ ہوچکا ہے۔ اس پورے عرصے میں اپوزیشن میں بیٹھی جماعت پی ٹی آئ مسلسل سڑکوں پر اور احتجاج میں رہی ہے۔ مسلسل دھرنوں، ریلیوں اسمبلیوں سے استعفے اور اسمبلیوں کی تحلیل نے ملک میں ایک سیاسی افرا تفری اور عدم استحکام کو جنم دیا۔ ملک مسلسل افواہوں اور پروپیگنڈے کی زد میں رہا۔ سیاسی بحرانوں نے ملک کو اپنی لپیٹ میں لئیے رکھا۔
عدالتوں کے متنازعہ فیصلوں نے جلتی پر تیل کا کام کیا اور حکومت کے خلاف افواہوں کو تقویت ملتی رہی ۔ آئینی اداروں کے درمیان کھینچاتانی اور کشمکش نے ملک میں ایک ہیجان کی سی کیفیت بپا کییے رکھی۔
اس سیاسی بے چینی اور غیر یقینی نے ملکی معیشت کو بری طرح متاثر کیا۔ ملک کی معاشی صورت حال جو پہلے سے بدحال تھی اس حکومت کے قائم ہونے کے بعد مزید ابتر ہوتی چلی گئ ۔ حالانکہ پی ڈی ایم کی حکومت اس نعرے کے ساتھ آئ تھی کہ وہ ملک کی برباد معیشت کو سنبھالا دیں گے۔ مہنگائ جو کہ ایک بلا کا روپ دھار چکی تھی اس سے غریب کو نجات دلائیں گے۔ روزگار کے بہترین مواقع پیدا کریں گے ۔ روہے کی دن بدن کی گرتی ساکھ کو بحال کریں گے ۔
عوام کو بھی ایک گمان ضرور تھا اسے خوش فہمی کہیں یا بد گمانی کہ پی ڈی ایم کی تجربہ کار حکومت معاشی گرداب میں پھنسے ملک کو ضرور نکالے گئ اور معیشت کی ڈولتی، ہچکولے کھاتی کشتی کو ضرور کنارے لگائے گی۔ مگر جیسے جیسے وقت گزرتا چلا گیا عوام کی یہ ساری خوش فہمیاں ڈراونے خواب کی شکل اختیار کرتی چلی گئیں۔ مہنگائ کا ایسا خطر ناک اور ناقابل برداشت طوفان بپا ہوا جو غریب اور لوئر مڈل کلاس طبقہ کو خس و خاشاک اور پتنگوں کی طرح اپنے ساتھ اڑا کر لے گیا۔ مہنگائ کے اس طوفان میں غریب اپنا آپ اور اپنا وجود کھو بیٹھا ہے۔ اس کےلئے جسم اور جان کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔ چولھے ٹھنڈے ہوچکے ہیں۔ قوت خرید ختم ہوکر رہ گئ۔ بجلی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بھاری بوجھ تلے غریب دب کر رہ گیا ہے ۔ ایسی گھٹن اور حبس ہے کہ سانس لینا دوبھر ہوگیا ہے۔
باقی ضروریات چھوڑیں اس وقت صرف پیٹ کی آگ بجھانا غریب کے لئے بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ حکومت غریبوں کے ان رستے زخموں پر مرہم لگانے کی بجائے نمک چھڑک رہی ہے۔ ملکی معیشت آخری سانسیں لے رہی ہے۔ نبض ہے کہ تھمتی ہی چلی جارہی ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر اپنی آخری حدوں کو چھو رہے ہیں۔ سٹاک مارکیٹ نزع کی حالت میں ہے اور برآمدات ہیں کہ سکڑتی ہی چلی جارہی ہیں۔ درآمدات کا یہ حال ہے کہ کئ کئ ہفتوں سے ضروری خام مال اور مشینری بندرگاہوں پہ رل رہا ہے مگر ایل سیز کھولنے کے لئے ہمارے پاس مطلوبہ مقدار میں ڈالرز ہی نہیں ہیں۔ غرض ایک کینسر نے معیشت کو جکڑ رکھا ہے۔
حکومت کے لئے روزمرہ کے ریاستی معاملات کی انجام دہی بھی مشکل ہوتی جارہی ہے۔ عالمی ساہو کار آئ ایم ایف الگ سے آنکھیں دکھا رہا ہے۔ اپنی من مانی شرائط کے لئے مسلسل ہمارے اوپر دباو بڑھا رہا ہے۔
ایسے حالات میں حکومت کو چاہئیے اپنی تمام تر توجہ اور دھیان اس لاغر اور بیمار معیشت کی بہتری پر مرکوز رکھے اسکی ٹوٹتی اکھڑتی سانسیں بحال کرنے کی فکر کرے۔ اسکی ڈوبتی نبض اور بے ترتیب ہوتی دھڑکنوں کا خیال کرے۔ اس وقت حکومت کے لئے اور اس میں شامل جماعتوں کی سیاسی بقا کے لئے سب سے بڑا چیلنج صرف اور صرف بستر مرگ پہ پڑی معیشت ہے۔ اگر خدا ناخواستہ حکومت اس بیمار معیشت کے لئے مسیحائ کا کردار نہ نبھا سکی اسکی سانسیں بحال نہ کراسکی تو یہ حکومت اور اس میں شامل جماعتیں بھی اپنے کریاکرم کا انتظام کر لیں ۔
اس حکومت کے لئے عمران خان کوئ خطرہ نہیں ہے وہ ایک قصہ پارینہ ہے۔ وہ اپنی سیاسی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے۔ حکومت کو چاہئیے خان صاحب کو اپنے اعصاب پر سوار کرنے اور اسکے پیچھے وقت برباد کرنے کی بجائے اپنا سارا فوکس اور توانائی برباد معیشت کو سنبھالا دینے میں خرچ کرے۔ ہماری برباد معیشت ہی حکومت کے لئے حقیقی خطرہ بہت بڑا چیلنج اور سب سے بڑا دشمن ہے۔ مہنگائ جیسے عفریت اور اژدھا کو کچلنے میں اگر حکومت کامیاب ہوجاتی ہے تو پھر کوئ بھی آیندہ انتخابات میں انکا راستہ نہیں روک سکے گا۔