اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز)— پاکستان مسلم لیگ ن کے سپریم لیڈر میاں نواز شریف کے وکلاء کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس اور العزیزیہ ریفرنس میں ان کی حفاظتی ضمانت کیلئے دائر درخواست پر سماعت شروع ہو گئی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف کی عدالت کے روبرو سرنڈر کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے، نواز شریف تمام مقدمات کا سامنا کرنا چاہتے ہیں، عدالت تک پہنچنے کیلئے ان کی گرفتاری سے روکا جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم کی حفاظتی ضمانت کیلئے دائر درخواست پر سماعت کیلئے دو رکنی بینچ تشکیل دیا گیا، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق بینچ کی سربراہی کر رہے ہیں جبکہ جسٹس میاں گل حسن بھی بینچ میں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف چار برس وطن سے دور رہنے کے بعد 21 اکتوبر کو پاکستان واپس پہنچ رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ نواز کی جانب سے اپنے قائد کے شاندار استقبال کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ نواز شریف مینارِ پاکستان پر جلسے سے خطاب بھی کریں گے۔