کراچی (تھرسڈے ٹائمز) — پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سپریم کورٹ کی جانب سے عام انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کے حکم پر کہا ہے کہ “آپ سب کو الیکشن کا چاند مبارک ہو، عدالت نے کہا ہے تو اب 8 فروری کو الیکشن ہو جائے گا”۔
بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں فلاحی تنظیم کے تحت چلنے والے مختلف اداروں کا دورہ کیا جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ سب کو الیکشن کا چاند مبارک ہو، بہتر ہوتا کہ سپریم کورٹ کو مداخلت نہ کرنا پڑتی لیکن اب عدالت نے کہا ہے تو 8 فروری کو انتخابات ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو ماضی میں بھی کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی مگر اس کے باوجود ہم کامیاب ہوئے، اب بھی ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ کی امید نہیں ہے مگر اس بار بھی پیپلز پارٹی کامیاب ہو گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ ابھی تک تحریکِ انصاف کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ نہیں ہوا، تحریکِ انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو میثاقِ جمہوریت میں شامل ہونا چاہیے۔