اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض، ان کے بیٹے احمد علی ریاض، تحریکِ انصاف کے راہنماؤں شہزاد اکبر، ضیاء المصطفیٰ نسیم، زلفی بخاری اور فرح گوگی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔
احتساب عدالت کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں آج کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل کو آئندہ سماعت پر تحریکِ انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کو بھی احتساب عدالت میں پیش کرنے کا کہا گیا ہے۔
سابق چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان پہلے ہی القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں قید ہیں جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی 6 دسمبر تک عبوری ضمانت پر ہیں۔
وزارتِ قانون کے نوٹیفکیشن کے مطابق 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کیا جائے گا جبکہ آئندہ سماعت 6 دسمبر کو ہو گی۔