بورے والا (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سپریم لیڈر میاں نواز شریف نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پر جو تبدیلی مسلط کی گئی تھی اس نے ملک و قوم کا بہت بُرا حال کر دیا، ہم انشاءاللّٰه اچھا وقت واپس لائیں گے اور پاکستان سے مہنگائی کا خاتمہ ہو گا۔
میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے 2017 کا وہ وقت یاد ہے اور پاکستان کے عوام کو بھی یاد ہو گا کہ جب روٹی چار روپے کی تھی جو کہ آج بیس روپے کی ہے، جو بجلی کا بل پانچ سو روپے اتا تھا آج وہ 20 ہزار آتا ہے، پاکستان پر جو تبدیلی مسلط کی گئی اس نے پاکستان کا یہ حال کر دیا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی دوبارہ شروع ہو گئی، گیس کے بھی مسائل کھڑے ہو گئے اور آج روٹی، آٹا، چینی، دالیں اور سبزیاں بہت مہنگی ہو چکی ہیں۔
قائد مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کے عوام کو نواز شریف کا دور یاد آ رہا ہے، قوم کو نواز شریف کی خدمات یاد ہیں، ہمارا وعدہ ہے کہ انشاءاللّٰه ہماری حکومت آئے گی تو مہنگائی کو ختم کرے گی، ہمارے دورِ حکومت میں کھاد کا ریٹ 24 سو روپے تھا جو آج 14 ہزار ہو چکا ہے، جو ٹریکٹر 9 لاکھ کا تھا وہ آج 24 لاکھ کا ملتا ہے، ہم انشاءاللّٰه وہ وقت دوبارہ واپس لائیں گے جب عوام خوشحال تھے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم انشاءاللّٰه پاکستان سے بےروزگاری، مہنگائی اور دہشتگردی کو ختم کریں گے، انشاءاللّٰه موٹرویز اور ہائی ویر بنائی جائیں گی، انشاءاللّٰه یہاں ایک ائیرپورٹ بھی تعمیر کیا جائے گا، انشاءاللّٰه وہاڑی کو ایک میڈیکل کالج بھی بنا کر دیں گے اور انشاءاللّٰه نواز شریف یہ الیکشن جیت کر دوبارہ بورے والا آپ کے پاس آئے گا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ اللّٰه تعالٰی نے موقع دیا تو ہم بورے والا کو ضلع بنائیں گے، میں عوام کی خوشحالی چاہتا ہوں، اللّٰه کے فضل و کرم سے ہم اچھا وقت واپس لائیں گے، انشاءاللّٰه ہر گھر میں خوشحالی ہو گی، لوگوں کو باعزت روزگار فراہم کیا جائے گا اور پاکستان ایک بار پھر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا۔