ایبٹ آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے منشور میں عوام کی ہر تکلیف کا احساس ہے اور اللّٰه کی مدد سے مسلم لیگ (ن) عوام کی تمام تکالیف دور کرے گی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ اگر آپ نواز شریف سے پیار کرتے ہیں تو اللّٰه شاہد ہے کہ نواز شریف بھی آپ سے بہت زیادہ پیار کرتا ہے، نواز شریف نے جب بھی قوم سے وعدہ کیا اس کو پورا کیا، اگر نواز شریف نے کہا کہ 2013 میں وزیراعظم بن کر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کروں گا اور دہشتگردی ختم کروں گا تو نواز شریف نے وہ سب کر کے دکھایا اور آپ کو ہزارہ موٹروے کا بھی تحفہ دیا۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ منشور کوئی کاغذ کا ٹکڑا یا صرف کاغذوں کا پلندہ نہیں ہوتا بلکہ عوام سے کیا ہوا ایک وعدہ ہوتا ہے، منشور یہ نہیں کہ صرف ویب سائٹ پر جاری کر دو یا کاغذ اٹھا کر عوام کے سامنے لہرا دو، ہم نے بڑی محنت سے منشور تشکیل دیا ہے جس میں عوام کی ہر تکلیف کا احساس ہے اور ہم اللّٰه تعالٰی کی مدد سے عوام کی تمام تکالیف کو دور کریں گے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ایک جماعت پندرہ برس سے ایک صوبہ میں برسرِ اقتدار ہے جبکہ وہاں تعلیم کی یہ حالت ہے کہ سکولز میں بچے نظر نہیں آتے بلکہ وہاں مال مویشی بندھے ہوئے ہیں، اس کے باوجود وہ جماعت تعلیم کا منشور پیش کر رہی ہے کہ یہ کریں گے وہ کریں گے، یہ کیسا منشور ہے؟
مریم نواز شریف نے کہا کہ دوسرے صوبوں سے پنجاب میں آ کر جلسے کرنے والے سوچتے ہیں کہ کہاں جلسے کریں کیونکہ وہ جہاں بھی جائیں انہیں دائیں، بائیں، آگے، پیچھے اور اوپر بھی مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی منصوبے نظر آتے ہیں، یہ لوگ جہاں بھی چلے جائیں انہیں پاکستان کث چپے چپے میں نواز شریف کی خدمات کے نشانات نظر آئیں گے۔
مریم نواز شریف نے تحریکِ انصاف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایک اور جماعت بھی ہے جو دس برس سے خیبرپختونخوا پر حکومت کر رہی ہے، اس نے اپنا منشور پیش تو نہیں کیا لیکن پورا پاکستان جانتا ہے کہ اس جماعت کا منشور وہ ڈنڈے اور پیٹرول بم ہیں جو اس نے لاء انفورسمنٹ ایجنسیز کے جوانوں پر چلائے تھے، ان کا منشور گھڑیاں چوری کرنا ہے جیسے خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچ کر پیسے جیب میں رکھ لیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسروں کے بچوں کے ہاتھوں میں پیٹرول بم اور کیلوں والے ڈنڈے پکڑا کر ریاست پر حملے کرائے گئے، مار دو اور جلاو گھیراؤ کا راستہ اختیار کیا گیا، ریاست پاکستان کے ستونوں اور شہداء کی یادگاروں پر حملے کروانے والے کے اپنے بچے باہر بیٹھے ہیں اور یہاں قوم کے بچوں کے ہاتھوں میں پیٹرول بم دے کر ان کی زندگیاں خراب کر دی گئیں۔
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے منشور پیش کیا ہے، اگر اللّٰه نے موقع دیا تو ہم اس پر عمل کریں گے اور پانچ برس میں نوجوانوں کی تقدیر بدل جائے گی اور انہیں باعزت روزگار فراہم کیا جائے گا، آج کل گلی محلوں میں سرویز ہو رہے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کا ووٹر سینہ تان کر ٹیلی ویژن سکرین پر کہتا ہے کہ میں نواز شریف کو اس لیے ووٹ دینا چاہتا ہوں کیونکہ کام صرف نواز شریف نے کر کے دکھایا ہے، مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کسی جماعت کا ووٹر ایسا نہیں کر سکتا۔
مریم نواز شریف نے خیبرپختونخوا کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ دیتے وقت یہ ضرور سوچ لینا کہ یہ ووٹ آپ کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا کیونکہ اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس، باعزت ٹرانسپورٹ، پی کے ایل آئی جیسے ادارے، کینسر ہاسپٹلز، اچھے کالجز، یونیورسٹیز اور موٹرویز و سڑکوں کا جال آپ کا بھی حق ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے بجلی کے بلوں میں 30 فیصد کمی لانے کا پلان بنا لیا ہے، نواز شریف نے پلان بنا لیا ہے کہ عوام کو سستا آٹا، سستی چینی، سستی سبزیاں، سستی دالیں، سستی بجلی کیسے فراہم کرنی ہیں، نواز شریف نے پلان بنا لیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپس، سکالرشپس اور باعزت نوکریاں کیسے دینی ہیں۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ جو نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے نام پر کبھی وزیرِ اعلٰی بنتا ہے کبھی گورنر بنتا ہے پھر اسی نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کو دھوکہ دیتا ہے اور مشکل وقت میں پیٹھ دکھا کر بھاگ جاتا ہے اس کو ووٹ نہیں دینا بلکہ یاد رکھنا کہ ووٹ صرف نواز شریف کے وفادار کو دینا ہے۔