لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عام انتخابات 2024 کیلئے اپنا منشور پیش کر دیا ہے جس کے مطابق جماعت کا انتخابی نعرہ “پاکستان کو نواز دو” ہے جبکہ عدالتی اصلاحات میں نیب کا ادارہ ختم کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے مسلم لیگ (ن) کا منشور پیش کیا جبکہ تقریب میں قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف اور پارٹی صدر میاں شہباز شریف بھی تقریب میں موجود تھے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا منشور تشکیل دینے کیلئے 32 کمیٹیاں بنائی گئیں جنہوں نے دن رات محنت کی ہے، منشور میں پچھلی حکومتوں کی کارکردگی بھی بیان کی گئی ہے جبکہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کس حکومت نے کیا کام کیا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی منشور میں پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے اور تمام سرکاری دفاتر کو ماحول دوست بنانے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ عدالتی اور معاشی اصلاحات کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔
عدالتی اصلاحات
آئینِ پاکستان کے آرٹیکلز باسٹھ اور تریسٹھ کو اپنی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔
عدالتی، قانونی اور انصاف کے نظام میں اصلاحات کی جائیں گی۔
عدالتی، قانونی، پنچایت سسٹم اور تنازعات کے تصفیہ کا متبادل نظام ہو گا۔
بر وقت اور مؤثر عدالتی نظام نافذ کیا جائے گا۔
مؤثر، منصفانہ اور بروقت پراسیکیوشن ہو گی۔
اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ اہم اور مشکل مقدمات کا فیصلہ ایک سال کے اندر ہو جائے۔
چھوٹے مقدمات کا فیصلہ دو ماہ کے اندر سنایا جائے گا۔
عدلیہ میں ڈیجیٹل سسٹم قائم کیا جائے گا۔
نیب کا ادارہ ختم کر دیا جائے گا۔
انسدادِ بدعنوانی کے اداروں اور ایجنسیز کو مضبوط کیا جائے گا۔
ضابطہ فوجداری 1898 اور 1906 میں ترامیم کی جائیں گی۔
عدالتی کارروائی براہِ راست نشر کی جائے گی۔
کمرشل عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
سمندر پار پاکستانیوں کی عدالتیں بہتر اور مضبوط بنائی جائیں گی۔
معاشی اصلاحات
مالی سال 2025 تک مہنگائی میں 10 فیصد کمی کی جائے گی۔
چار سالوں میں مہنگائی کو 4 سے 6 فیصد تک لایا جائے گا۔
پانچ برس میں ایک کروڑ سے زائد نوکریاں دی جائیں گی۔
کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو جی ڈی پی کے 1.5 فیصد تک کیا جائے گا۔
تین سالوں میں اقتصادی شرحِ نمو 6 فیصد سے زائد تک لائی جائے گی۔
غربت میں کمی کے حوالہ سے پانچ برس میں 25 فیصد کا ہدف رکھا گیا ہے۔
افرادی قوت کی سالانہ ترسیلاتِ زر کا ہدف 40 ارب ڈالرز رکھا گیا ہے۔
بےروزگاری میں پانچ برس کے دوران 5 فیصد کمی لائی جائے گی۔
چار برس میں مالیاتی خسارہ 3.5 فیصد یا اس سے کم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
فی کس آمدنی کو پانچ برس میں 2 ہزار ڈالرز کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سپریم لیڈر میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ماضی کی زیادتیوں کو فراموش کر کے پاکستان کے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے آیا ہوں، اللّٰه تعالٰی نے موقع دیا تو انشاءاللّٰه اپنے منشور پر عمل کریں گے جبکہ صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف اس شخص کا نام ہے جس نے جب کوئی وعدہ کیا تو اس پر کام کرنے کیلئے سر توڑ کوششیں کیں۔