سوات (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سپریم لیڈر میاں نواز شریف نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام ایک جھوٹے شخص کے جھانسے میں آ گئے، ایک جھوٹے شخص نے مکر و فریب کی سیاست کی اور خیبرپختونخوا والے اس کے جال میں پھنس گئے، مجھے امید ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام دوبارہ کسی تبدیلی کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔
میاں نواز شریف نے کہا کہ مجھے خیبرپختونخوا کے عوام سے محبت ہے، آپ بہت سادہ اور سیدھے سادھے لوگ ہیں، مجھے آپ پر ترس بھی آتا ہے کہ آپ کیسے ایک جھوٹے شخص کے جھانسے میں آ گئے جس نے آپ سے ایک کروڑ نوکریوں، پچاس لاکھ گھروں اور ون بلین ٹریز جیسے جھوٹے وعدے کیے تھے، وہ آپ سے جھوٹے وعدے کرتے رہا اور آپ کو دھوکہ دیتا رہا، اس شخص نے خیبرپختونخوا کے عوام کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیا۔
قائد مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں آٹا، چینی، بجلی اور گیس سمیت سب کچھ سستا تھا، اگر ایسا تھا تو آپ کیوں ایک جھوٹے شخص کے جال میں پھنس گئے؟ دس برس تک صوبہ میں اس شخص کی حکومت رہی اور اس نے یہاں کے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، اگر یہی دس برس ہمیں ملتے تو آج صوبہ خیبرپختونخوا پاکستان کا سب سے زیادہ خوبصورت صوبہ بن چکا ہوتا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر دس برس مجھے یہاں حکومت ملی ہوتی اور مجھے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر جھوٹے مقدمات بنا کر نہ نکالا جاتا تو آج خیبرپختونخوا میں کوئی بےروزگار نہ ہوتا اور کوئی بھی شخص بےگھر نہ ہوتا، ہر شخص عزت کی روٹی کماتا اور تمام گھروں میں روشنی کے چراغ جلتے، بچے سکول جاتے اور بچوں کی فیس، علاج معالجہ اور دوائیوں کیلئے کسی بھی طرح کی مشکلات نہ ہوتیں۔
میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ آپ نے ایک جھوٹے شخص کے جال مین پھنس کر نئے پاکستان کی تلاش میں پرانا پاکستان تباہ و برباد کر دیا، مجھے بتائیں کہ اس نئے پاکستان میں یہاں کون سی موٹرویز بنائی گئیں اور بجلی کے کون سے منصوبے شروع کیے گئے؟ وہ 300 ڈیمز کہاں ہیں؟ مجھے کوئی ایک ڈیم تو دکھائیں جو نئے پاکستان میں بنایا گیا ہو۔
مسلم لیگ (ن) کے سپریم لیڈر نے کہا کہ نواز شریف نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا، پھر آپ کیوں اس شخص کے پیچھے لگ گئے جس نے ملک کو تباہ کر دیا اور یہ حال کر دیا کہ ہر چیز مہنگی ہو چکی ہے، ہم جھوٹ نہیں بولتے، میں نے کبھی عوام سے جھوٹ نہیں بولا بلکہ ہمیشہ سچ بولا ہے اور انشاءاللّٰه ہمیشہ سچ بولتا رہوں گا، ووٹ ملنا یا نہ ملنا اللّٰه تعالٰی کے اختیار میں ہے، میں جھوٹ بول کر اپنی عاقبت خراب نہیں کر سکتا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہاں دن رات جھوٹ بولا گیا اور خیبرپختونخوا کے عوام کو دھوکہ دیا گیا، آپ کے ساتھ جعل سازی کی گئی اور آپ اس جال میں پھنس گئے، آپ نے پورے ملک کو اس جال میں پھنسا دیا، خیبرپختونخوا کے عوام کو اللّٰه سے معافی مانگنی چاہیے، ہمارے دور میں 25 روپے کی پانچ روٹیاں ملتی تھیں اور اب 25 روہے میں 5 روٹیاں ملتی ہیں۔
میاں نواز شریف نے کہا کہ میں نے بڑے غم دیکھے ہیں اور انہیں برداشت کیا ہے لیکن میں عوام کے غم برداشت نہیں کر سکتا، ہم انشاءاللّٰه عوام کے غموں کو دور کریں گے، ہم نے چترال میں لواری ٹنل بنایا لیکن پھر 2018 کے الیکشن میں چترال میں مسلم لیگی امیدوار ہار گیا، آپ کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، خیبرپختونخوا کے عوام ایسے نہیں ہیں، وعدہ کریں کہ آپ آئندہ ایسا نہیں کریں گے۔
قائد مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ایک شخص کہتا تھا کہ میں تبدیلی لاؤں گا، نیا پاکستان بناؤں گا، نیا خیبرپختونخوا بناؤں گا اور خیبرپختونخوا میں تبدیلی لاؤں گا، آج کہاں ہے وہ تبدیلی؟ کیا کہیں تبدیلی نظر آتی ہے؟ یہ مکر و فریب کی سیاست تھی اور آج اس شخص کے جال میں پھنس گئے، میں آپ کو یہ یاد دلانے آیا ہوں کہ آپ نے آئندہ جال میں نہیں پھنسنا اور نہ کسی کے دھوکہ میں آنا ہے۔
میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم انشاءاللّٰه یقینی بنائیں گے کہ زندگی کی تمام سہولیات آپ کو گھروں کی دہلیز پر ملیں، آپ نے 8 فروری کو مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینا ہے اور دوبارہ کسی دھوکہ باز کے مکر و فریب کے جال میں نہیں آنا۔