اقوامِ متحدہ کے ادارہ “ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن” کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم گیبریسوس نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہاسپٹلز پر جاری حملوں اور عسکریت پسندی کو روکنا چاہیے اور بین الاقوامی انسانی قوانین کا احترام کیا جانا چاہیے۔
ٹیڈروس ادھانوم گیبریسوس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ٹیم آج غزہ میں الاقصٰی ہاسپٹل میں انسانی ہمدردی کے مشن پر تھی جب ہاسپٹل کے اندر ایک خیمہ کیمپ اسرائیلی فضائی حملہ کا نشانہ بنا، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے عملہ کے مطابق اس حملہ میں چار افراد جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہوئے۔
ڈائریکٹر جنرل ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے لکھا ہے کہ ہماری ٹیم ہاسپٹل میں ضروریات کا جائزہ لے رہی تھی اور شمالی غزہ میں بھیجے جانے والے انکیوبیٹرز جمع کر رہی تھی، ہم ایک بار پھر مریضوں، ہیلتھ ورکرز اور انسانی ہمدردی کے مشن کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ٹیڈروس ادھانوم گیبریسوس نے لکھا ہے کہ ہاسپٹلز پر جاری حملوں اور عسکریت پسندی کو روکنا چاہیے، بین الاقوامی انسانی قوانین کا احترام کیا جانا چاہیے، ہم فریقین سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ جنگ بندی کے حوالہ سے سلامتی کونسل کی قرارداد کا احترام کریں۔