اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ میرے خلاف کیپیٹل پنشمنٹ والے جعلی مقدمہ میں اُس وقت کے آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ براہِ راست ملوث تھے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر اگست میں ہی توسیع دے دی تھی جبکہ اُس وقت میں جیل میں تھا۔
سابق وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ جب عمران خان نے پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر ہی جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو مدتِ ملازمت میں توسیع دے دی تو میاں محمد نواز شریف صاحب نے کہا کہ توسیع تو مل چکی ہے لہذا اب ہمیں رکاوٹ بننے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، ہمیں بےسود محاذ آرائی نہیں کرنی چاہیے۔
راہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ عمران نیازی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی جماعتوں کو ختم کر دینے پر تُلا ہوا تھا، ایسے حالات میں پارٹی نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی توسیع کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ کیا۔
اپنے خلاف کیپیٹل پنشمنٹ کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف ہیروئن کا جو جعلی کیس بنایا گیا اس میں جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ براہِ راست ملوث تھا۔