اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وفاقی وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا پے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مختلف شعبوں کے حوالہ سے تبادلہ خیال ہوا ہے، ہم سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم شہزادہ فیصل بن فرحان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، ہمیں سعودی وفد کا استقبال کر کے خوشی محسوس ہو رہی ہے، سعودی وفد کے آنے پر ہم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مختلف شعبوں کے حوالہ سے تبادلہ خیال ہوا ہے، ہم سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور پاکستانی عوام کے اندر سعودی عرب کیلئے بہت عزت و احترام ہے، سعودی عرب کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات، زراعت اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری پر بات ہوئی ہے، سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور استفادہ کرے گا، پاکستان سعودی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کرے گا، سعودی عرب کو آئی سی ایف کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ہم شاندار استقبال پر پاکستان کے شکر گزار ہیں، دورہ پاکستان ہمارے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہم دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری میں اضافہ کریں گے اور پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے، پاکستانی حکام سے سرمایہ کاری کے مواقع پر تعمیری گفتگو ہوئی ہے، جلد پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے پیش رفت ہو گی۔
شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کیلئے اپنا کردار ادا کرے، غزہ میں 33 ہزار سے زائد افراد شہید کیے گئے ہیں، غزہ میں بھوک اور افلاس کے ڈیرے ہیں جبکہ اس حوالہ سے بین الاقوامی نظام مکمل طور پر ناکام رہا ہے، غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل روکنے کا کوئی جواز نہیں بنتا، غزہ سے متعلق دنیا کا دوہرا معیار سب کے سامنے ہے۔